ٹریفک سگنل توڑنے پر جرمانہ کم کرنے کی تجویز،عازمین حج کے لیے چار پیکیجز سمیت سعودی عرب میں گذشتہ ہفتے کی اہم خبریں
ٹریفک سگنل توڑنے پر جرمانہ کم کرنے کی تجویز،عازمین حج کے لیے چار پیکیجز سمیت سعودی عرب میں گذشتہ ہفتے کی اہم خبریں
اتوار 8 جنوری 2023 0:04
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
گذشتہ سال نومبر میں بارش کے باعث جدہ میں دو افراد ہلاک ہوئے تھے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب میں گذشتہ ہفتے مسجد الحرام میں برفباری کے مناظر، وزٹ ویزے کی اقامے میں تبدیلی، عازمین حج کے لئے پیکجز، ٹریفک توڑنے پر جرمانے اور ٹرین چلانے والی سعودی خواتین سے متعلق خبروں صارفین کی توجہ کا مرکز رہیں۔
’مسجد الحرام میں برفباری کے مناظر کی وڈیو فوٹو فیک ہے‘
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ ’مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں برفباری اور ژالہ باری کے مناظر پر مشتمل سوشل میڈیا پر وائرل وڈیو کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے‘۔
الاخباریہ چینل کے مطابق قومی مرکز نے بیان میں کہا کہ مسجد الحرام میں برفباری کے منظر پر مشتمل وڈیو فوٹو شاپ ہے۔
سعودی عرب میں پہلی مرتبہ خواتین نے حرمین ایکسپریس چلانے کا آغاز کردیا۔
سعودی ریلوے ’سار‘ نے سعودی خاتون ٹرین ڈرائیور کی وڈیو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی ریلوے ’سار’ نے تیز رفتار ٹرین چلانے کی ٹریننگ مکمل کرنے والی 24 سعودی خواتین کی وڈیو شیئر کی ہے۔ دنیا کی تیز رفتار ٹرینوں میں سے ایک حرمین ٹرین چلانے کےلیے ان کا خواب پورا ہوگیا۔