وزارت حج کے ’نسک‘ پلیٹ فارم سے 30 ملین افراد مستفیض ہوں گے
وزارت حج کے ’نسک‘ پلیٹ فارم سے 30 ملین افراد مستفیض ہوں گے
جمعرات 17 نومبر 2022 19:17
زائرین کو121 سے زائدخدمات ’نسک‘ کے ذریعے پیش کی جائیں گی(فوٹو،ایس پی اے)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے 30 ملین سے زیادہ صارفین کو 121 سے زائد مختلف قسم کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے حج و عمرہ قومی پلیٹ فارم ’نسک‘ کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے جمعرات کو ’گورنمنٹ ڈیجیٹل فورم 2022‘ میں شرکت کے دوران نسک پلیٹ فارم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ فورم کا اہتمام ڈیجیٹل گورنمنٹ اتھارٹی نے ’ابھرتے ہوئے ڈیجیٹل افق کی جانب‘ کے عنوان سے کیا ہے۔
ڈاکٹر الربیعہ نے کہا کہ نسک پلیٹ فارم دنیا بھر سے زیارت پر آنے والے لاکھوں افراد کو 121 سے زیادہ مختلف قسم کی سہولتیں فراہم کررہا ہے۔
سعودی وژن 2030 کے اہداف میں سے ایک یہ بھی ہے کہ حج و عمرہ اور زیارت پر آنے والوں کا سفر یادگار بن جائے۔ انہیں اپنے سفر کے دوران منفرد قسم کی سہولیات کسی زحمت اور مشکل کے بغیر حاصل ہوں۔
ڈاکٹر الربیعہ نے توجہ دلائی کہ نسک پلیٹ فارم سرمایہ کاروں کو 75 اور عام افراد کو 45 سہولتیں فراہم کررہا ہے۔
نسک پلیٹ فارم کا مقصد 30 ملین سے زیادہ افراد کو سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ یہ کام 10 ہزار سے زیادہ کاروباری اداروں کے تعاون و 25 سرکاری اداروں کے ساتھ یکجہتی پیدا کرکے انجام دیا جارہا ہے۔
الربیعہ نے کہا کہ نسک پلیٹ فارم تمام مطلوبہ خدمات کو منظم کررہا ہے۔ یہ ضیوف الرحمن کی خدمت پروگرام کے سائبان تلے خدمات انجام دے رہا ہے۔ اس سلسلے میں وزارت سیاحت اور محکمہ سیاحت کا تعاون بھی حاصل ہے۔
الربیعہ کا کہنا ہے کہ نسک پلیٹ فارم کا مقصد زائرین کو عمرہ کی ادائیگی کے ہر مرحلے سے واقف کرانا۔
انہیں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے تاریخی مقامات سے روشناس کرانا ہے۔ زائرین کو صحت خدمات اور سرکاری قوانین و ضوابط سے سادہ انداز میں واقف کیاجاتا ہے۔