سعودی کمپنی پاکستان میں ایک ہزار سے زائد نوکریاں دے گی
شہزادہ فہد بن منصور کی کمپنی ’السا انٹرایکٹو‘ تین سو پراجیکٹس پر کام کرے گی (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کے شہزادہ فہد بن منصور نے اتوار اعلان کیا کہ ان کی سافٹ ویئر کمپنی پاکستان میں اگلے پانچ برس میں ایک ہزار سے زائد نوکریاں دے گی۔
عرب نیوز کے مطابق شہزادہ فہد بن منصور کی کمپنی ’السا انٹرایکٹو‘ تین سو پراجیکٹس پر کام کرے گی جن کی کُل مالیت 10 کروڑ ڈالر ہو گی۔
شہزادہ فہد بن منصور اس کمپنی کے شریک بانی ہیں اور اسے 2009 میں ایک پاکستانی کاروباری شخصیت سلمان ناصر نے قائم کیا تھا۔ اس کمپنی کے لاہور اور ریاض میں دفاتر ہیں۔
فہد بن منصور نے یہ اعلان پاکستان میں ہونے والی ٹیکنالوجی کانفرنس ’فیوچر فیسٹ 2023 ‘ کی اختتامی تقریب میں کیا جو گذشتہ ہفتے تین روز تک جاری رہی۔
اس کانفرنس میں دنیا بھر سے کاروباری شخصیات، سٹارٹ اپس، سرمایہ کاروں اور پالیسی سازوں نے شرکت کی۔ سعودی کاروبای حضرات کے ایک وفد نے بھی اس کانفرنس میں شرکت کی۔
گذشتہ ہفتے کانفرنس میں شہزادہ فہد بن منصور نے سعودی پاکستان ٹیک ہاؤس شروع کرنے کا بھی اعلان کیا تھا جس کا مقصد دونوں ممالک درمیان کاروبار کو فروغ دینا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹیک ہاؤس کا ہیڈ کوارٹر ریاض میں ہو گا، جبکہ اس کی پہلی برانچ لاہور کام شروع کرے گی۔
شہزادہ فہد بن منصور نے کہا ہے کہ ’اگلے پانچ برس میں ہم پاکستان، سعودی عرب اور عالمی سطح پر ایک ہزار نوکریاں دیں گے۔ ہمارے تین سو پراجیکٹس ہوں گے اور ان کی مجموعی مالیت 10 کروڑ ڈالر ہو گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں آئی ٹی کمپنیوں، یونیورسٹیوں اور دیگر کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کرے گی۔
شہزادہ فہد بن منصور نے کہا کہ ’ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ویژن نے سعودی عرب کے لیے دنیا کے دروازے کھولے، مستقبل میں ترقی کے لیے پلیٹ فارمز مہیا کیے اور شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر کیا۔‘