Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وامی کی جانب سے ’گنی کوناکری‘ میں کلینک کا قیام 

پولی کلینک سے وباؤں اور بیماریوں کے علاج میں مدد ملے گی(فوٹو، ٹوئٹر)
مسلم نوجوانوں کی عالمی تنظیم (وامی) نے وباؤں سے بچانے کے لیے’ گنی‘ میں کلینک قائم کردیاہے۔ یہ دارالحکومت کوناکری سے 750 کلو میٹر کے فاصلے پر 150 مربع میٹر کے پلاٹ پر قائم کیا گیا ہے۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق کلینک ایک دفتر، ویٹنگ ہال، طبی معائنہ کے دو کمروں، ایمرجنسی وارڈ، لیباریٹری اور فارمیسی پر مشمتل ہے۔ 
گنی کوناکری میں وامی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد مختارجالو نے کہا کہ ’نئے پولی کلینک سے علاقے میں پھیلی ہوئی وباؤں اور بیماریوں کے علاج میں مدد ملے گی‘۔ 
محمد جالو نے بتایا کہ ’یہاں ملیریا کی وبا پھیلی ہوئی ہے جس سے روزانہ دسیوں افراد کی موت ہورہی ہے۔  ہیضے اور بخار کی بیماری بھی مقامی لوگوں کو اپنی گرفت میں لیے ہوئے ہے‘۔ 
محمد جالو نے مزید کہا کہ ’نیا کلینک پورے علاقے میں مقامی باشندوں کو صحت سہولیات فراہم کرنے والا پہلا میڈیکل سینٹر ہے یہ مقامی لوگوں کو مختلف صحت خدمات فراہم کرےگا‘۔ 
محمد جالو نے کہا کہ ’ہمارے یہاں وباؤں اور بیماریوں سے عوام کو بچانے اورانہیں صحت سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں سعودی حکومت اورعوام کی کوششیں قابل قدر ہیں۔ ان کے یہ کام انسانیت نواز ہیں۔ مقامی لوگ اس کے لیے مملکت اور اس کی حکومت کے شکر گزار ہیں‘۔ 
کوناکری کے عوام نے اپنے یہاں نئے کلینک کے قیام پر دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ وامی کی طرف سے خوش آئند عمل ہے اور سعودی عرب کی فیاضی کی علامت ہے۔ دعاگو ہیں کہ اللہ تعالی سعودی عرب میں امن و استحکام برقرار رکھے اور اس کی قیادت کی پاسبانی کرتا رہے۔

شیئر: