مملکت کے کئی علاقوں میں دھند، تیز ہواؤں اور بارش کا انتباہ
بارش کا سلسلہ سنیچر کی شام تک جاری رہنے کا امکان ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے مملکت کے 8 علاقوں میں شدید دھند، بارش اور طوفانی ہواؤں سے حد نظر محدود ہونے کا انتباہ جاری کیا ہے۔
اخبار 24 اور سبق ویب کے مطابق قومی مرکز نے بیان میں کہا کہ ’جمعے کی رات سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ سنیچر کی شام تک جاری رہنے کا امکان ہے۔‘
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ’دارالحکومت ریاض کے علاوہ اس کی 13 کمشنریوں میں بھی غیرمستحکم موسمی حالات رہنے کا امکان ہے‘۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ’ مکہ مکرمہ، قصیم، حدود شمالیہ، عسیر، باحہ، الشرقیہ اور جازان ریجنوں میں بھی بارش، شدید دھند اور طوفانی ہواؤں کا ماحول بنا رہے گا۔ بارش کا امکان ہے‘۔
قومی مرکز نے بیان میں کہا کہ’ مکہ مکرمہ ریجن میں موسلا دھار بارش، سیلاب اور ژالہ باری کا سلسلہ سنیچر کو دوپہر دو بجے تک جاری رہنے کی توقع ہے‘۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ’طائف کے علاوہ جازان ریجن میں شدید دھند کا سلسلہ الحرث، اللیث، الدائر، العارضہ، العیدابی، فیفا اور ھروب، باحہ اور اس کی کمشنریوں میں صبح دس بجے تک جاری رہ سکتا ہے‘۔
شدید دھند کی وجہ سے باحہ میں حد نظر بے حد کم ہوجائے گی۔ عسیر میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی جبکہ العرین، بیشہ، تثلیث اور طریف میں بارش کا امکان ہے۔
حدود شمالیہ میں بھی شدید دھند کا سلسلہ سنیچر کی صبح دس بجے تک جاری رہے گا۔ القصیم میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور شدید دھند کا ماحول سنیچر کی رات دس بجے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔