Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویمن فٹبال ٹورنامنٹ، پاکستان اور سعودی عرب آج الخبر سٹی میں مدمقابل ہوں گے

پاکستان نے پہلے میچ میں کوموروس کو ایک صفر سے شکست دی تھی (فوٹو: پی ایف ایف)
سعودی عرب میں جاری چار ملکی ویمن فٹبال ٹورنامنٹ میں آج جمعرات کو پاکستان اور سعودی عرب کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گے۔
یہ میچ سعودی عرب کے ساحلی شہر الخبر سٹی کے سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
 عرب نیوز کے مطابق موریشس سے شکست کھانے کے بعد پاکستانی ویمن ٹیم اپنے آخری دوستانہ میچ میں سعودی عرب کے خلاف مضبوط کم بیک کرنے کی امید رکھتی ہے۔
ٹورنامنٹ میں سعودی عرب اپنے دونوں میچ جیت کر ٹاپ پوزیشن پر ہے جبکہ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں کوموروس کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی تھی تاہم گرین شرٹس اپنے دوسرے میچ میں موریشس سے ہار گئی تھی۔
پاکستانی مڈ فیلڈر رامین فرید نے عرب نیوز کو اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ ’موریشس کے خلاف ہم سے غلطیاں ہوئیں، لیکن میرے خیال میں سعودی عرب کے خلاف میچ کے لیے ہم بھرپور انداز میں کم بیک کریں گے۔‘
مڈ فیلڈر سوہا ایرانی کہتی ہیں کہ ’پہلی کوشش یہ ہے کہ ہار کو بھلا دیا جائے، ہم ابھی بھی ٹورنامنٹ میں ہیں، ہمارے پاس ابھی بھی ٹرافی جیتنے کا موقع ہے چونکہ یہ ہمارا آخری میچ ہے تو ہم اسے جیتنے کی کوشش کریں گی۔‘
پاکستان خواتین فٹبال ٹیم نے کنگ عبدالعزیز سینٹر فار ورلڈ کلچر ’ایتھرا‘ کا تفریحی بھی دورہ کیا۔

اس سلسلے میں سوہا ہیرانی نے کہا کہ ’ہمارا ایتھرا کا دورہ بہت پُر لطف تھا، میرے خیال میں ہم نے سعودی عرب کی ثقافت کے بارے میں مزید بہت کچھ جان لیا ہے اور یہ فٹبال کے میدان سے دور ایک اچھا دن تھا۔‘

مملکت کے بارے میں سوہا ہیرانی نے کہا کہ ’یہ ایک شاندار ملک ہے، میں یہاں پہلے کبھی نہیں آئی لیکن یہاں کی تقافت بہت خوبصورت لگتی ہے اور کھانا بہت لذیذ ہے۔‘
خیال رہے کہ چار ملکی دوستانہ فٹ بال ٹورنامنٹ پچھلے ہفتے سے پرنس سعود بن جلاوی سٹیڈیم میں شروع ہوا تھا۔
سنہ 2020 میں مملکت میں قومی ویمنز لیگ شروع ہونے کے بعد سے یہ پہلا ایونٹ ہے۔

شیئر: