’مرغیوں کے پنجے کھاؤ،‘ مصر میں حکومت کا عوام کو مشورہ
’مرغیوں کے پنجے کھاؤ،‘ مصر میں حکومت کا عوام کو مشورہ
جمعرات 19 جنوری 2023 18:19
بہت سے مصری شہری حکومت کی جانب سے مرغی کے پنجے کھانے کے اس اعلان پر نالاں ہیں (فوٹو: پکسابے)
مصر کی معاشی حالت اس حد تک خراب ہو چکی ہے کہ حکومت اپنے عوام کو مرغیوں کے گوشت کے بجائے ان کے پنجے کھانے کا کہہ رہی ہے۔
امریکی نیوز چینل سی این این کے مطابق مصر کرنسی کے ریکارڈ بحران اور پانچ برس میں سب سے بدترین مہنگائی کا شکار ہے۔ اس وجہ سے اشیائے خورد و نوش کی قیمیتیں اتنی بڑھ چکی ہیں کہ مصری عوام کی بڑی تعداد چکن نہیں کھا سکتی۔
مصر کے سرکاری میڈیا کے مطابق پولٹری کی قیمت 2021 میں 1.9 ڈالر فی کلو تھی جو اب 2.36 ڈالر فی کلو ہو چکی ہے۔ اس کے باعث نیشنل انسٹیٹیوٹ آف نیوٹریشن نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ مرغی کے پنجے کھائیں۔
ادارے نے گزشتہ ماہ ایک فیس بک پوسٹ میں مرغیوں کے پنجوں اور مویشیوں کے پاؤں کھانے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ ’کیا آپ پروٹین سے بھرپور خوراک چاہتے جو آپ کے بجٹ پر بھاری نہ پڑے؟‘
بہت سے مصری شہری حکومت کی جانب سے اس اعلان پر نالاں ہیں کیونکہ مرغیوں کے پنجے کھانا بہت زیادہ غربت کی علامت ہے۔ مصر میں مرغیوں کے پنجے بہت سستے ہیں اور انہیں خوراک کے بجائے کچرے میں پھینکنے کے قابل سمجھا جاتا ہے۔
ٹوئٹر پر چار لاکھ فالورز رکھنے والے محمد الہاشمی نے کہا کہ ’ہم مرغیوں کے پنجے کھانے کے دور میں داخل ہو چکے ہیں، مصر کا پاؤنڈ گر چکا ہے اور ہم قرض میں غرق ہو چکے ہیں۔‘
تاہم بہت سے لوگوں نے حکومت کے اس اعلان پر کان بھی دھرے ہیں۔ اس اعلان کے بعد مرغیوں کے فی کلو پنجوں کی قیمت دوگنی یعنی 20 مصری پاؤنڈ ہو چکی ہے۔
اس قبل تجویز دی گئی ہے کہ ہر مصری شہری کو راشن کارڈ پر 50 چوزے دیے جائیں (فوٹو: اے ایف پی)
حکام کا کہنا ہے کہ مصر کی 30 فیصد کے قریب آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔ تاہم 2019 میں ورلڈ بینک نے کہا تھا کہ مصر کی 60 فیصد آبادی یا تو غریب ہے یا اس کی حالت اس سے بھی خراب ہے۔
روس، یوکرین جنگ کے معاشی اثرات مصر پر بہت زیادہ پڑ رہے ہیں۔ مصر میں زرمبادلہ کی قلت خطرناک حد تک جاچکی ہے۔ زرمبادلہ کی قلت سے بندرگاہوں پر سامان کے ڈھیر لگے ہیں۔ افراط زر میں اضافے سے بھی یہ صورتحال درپیش ہے۔
واضح رہے کہ مصر نے عالمی مالیاتی فنڈ سے 3 ارب ڈالر کا امداد پیکیج حال ہی میں حاصل کیا ہے۔
گذشتہ جمعرات کو مصر میں پولٹری کی قیمتوں میں اضافے کے بعد تجویز دی گئی ہے کہ ہر مصری شہری کو راشن کارڈ پر 50 چوزے دیے جائیں۔