انسٹاگرام صارفین اب ’خاموشی‘ اختیار کرکے ’اہم کاموں‘ پر توجہ دے سکیں گے
انسٹاگرام صارفین اب ’خاموشی‘ اختیار کرکے ’اہم کاموں‘ پر توجہ دے سکیں گے
جمعرات 19 جنوری 2023 21:15
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
کوائٹ موڈ استعمال کرنے والے نوٹیفیکیشنز کی سمری وصول کر سکیں گے (فائل فوٹو: پکسابے)
ایسا اکثر ہوتا ہے کہ ادھر آپ نے آرام کا ارادہ کیا یا پھر توجہ مرکوز کر کے کوئی کام کرنا چاہا اور اچانک کوئی نوٹیفیکیشن دیکھ کر سوشل میڈیا کی دنیا میں یوں کھوئے کہ نہ کام کا خیال رہا اور نہ آرام کا ہوش۔
شاید اسی تناظر میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام نے اپنے صارفین کو موقع دیا ہے کہ وہ جب چاہیں مخصوص اوقات کے لیے اپنے نوٹیفیکیشنز کو معطل کر سکتے ہیں۔
انسٹاگرام کے ملکیتی ادارے میٹا نے اپنے بلاگ میں بتایا ہے کہ صارفین کے لیے ’کوائٹ موڈ‘ متعارف کرایا گیا ہے۔
’یہ نوٹیفیکیشنز خاموش کر کے فوکس کرنے اور وقت کے بہتر استعمال کا نیا طریقہ ہے۔‘
میٹا کے مطابق ’کوائٹ موڈ‘ کو فعال رکھنے والے صارفین کو کوئی نوٹیفیکیشن موصول نہیں ہو گا۔ اگر ڈائریکٹ میسیج (ڈی ایم) آیا تو پلیٹ فارم ایک خود کار جواب کے ذریعے میسیج کرنے والے کو صارف کے دستیاب نہ ہونے کی اطلاع دے گا۔
یہ فیچر استعمال کرنے والے صارفین کی پروفائل پر ایک ٹیگ دکھائی دے گا جس سے دیکھنے والوں کو علم ہو گا کہ صارف اس وقت دستیاب نہیں ہے۔
بلاگ پوسٹ میں ’کوائٹ موڈ‘ کو متعارف کرائے جانے کے مقاص کی وضاحت کرتے ہوئے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس کے ذریعے ’صارفین کو اپنے اور دوستوں یا فالوورز کے درمیان حد برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔‘
کوائٹ موڈ کا استعمال کیسے؟
انسٹاگرام صارفین اپنے دن یا رات کے کسی بھی وقت کو منتخب کر کے اسے ’کوائٹ موڈ‘ میں بدل سکتے ہیں۔
اس مقصد کے لیے انہیں اکاؤنٹ سیٹنگ میں نوٹیفیکیشنز، پھر کوائٹ موڈ میں جا کر وقت کا انتخاب کرنا ہو گا۔
منتخب کیا گیا وقت پورا ہونے کے بعد صارف جب انسٹاگرام کھولے گا تو اسے نوٹیفیکیشنز کی ایک سمری کے ذریعے گزرے ہوئے وقت کے دوران ہونے والی سرگرمی سے باخبر کیا جائے گا۔
میٹا کے مطابق ’کوئی بھی کوائٹ موڈ کو استعمال کر سکتا ہے لیکن ہم لڑکپن کی عمر کے صارفین کو متوجہ کرنا چاہیں گے کہ وہ اسے استعمال کر رکے رات گئے انسٹاگرام پر صرف کیے جانے والے وقت کا تعین کریں۔‘