Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجگور حملہ: ’ایرانی سفیر کو دفتر خارجہ بلاکر پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا گیا‘

پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایران کی حدود سے پاکستانی فورسز پر حملے کے حوالے اسلام آباد میں تعینات ایرانی سفیر کو دفتر خارجہ بلا کر اپنی تشویش سے آگاہ کیا ہے اور مطالبہ کیا کہ ایران ایسے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرے۔ 
حکام دفتر خارجہ کے مطابق جمعرات کو ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی کو دفتر خارجہ بلایا گیا۔ حکام نے چکاب سیکٹر میں معمول کے گشت پر مامور پاکستانی سکیورٹی اہلکاروں کو ایرانی سرزمین سے نشانہ بنائے جانے کے واقعے کے بارے میں پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا گیا۔ 
اس موقع پر دفتر خارجہ کی جانب سے ایک احتجاجی مراسلہ بھی ایرانی سفیر کے حوالے کیا گیا جس میں پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کے ساتھ ایران سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔ 
پاکستان کی جانب سے پاکستان کے خلاف ایران کی سرزمین استعمال کرنے والے دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ 
دوسری جانب یہ بھی معلوم ہوا کہ ایرانی سرزمین سے حملے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان وزارت خارجہ اور عسکری حکام کی سطح پر مسلسل بات چیت ہو رہی ہے اور پاکستان کی جانب سے مسلسل ایرانی حکام پر ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے زور ڈالا جا رہا ہے۔ 
بدھ کو بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایران کے ساتھ ملحقہ سرحد پر ایرانی سرزمین سے سکیورٹی فورسز پر حملے میں چار اہلکار جان سے گئے تھے۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی آیس پی آر نے جاری بیان میں کہا تھا کہ ’چکاب سیکٹر میں دہشت گردوں نے ایرانی سرزمین سے معمول کی پیٹرولنگ پر مامور سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کیا تھا۔‘ 

پاکستان کی جانب سے ایرانی حکام پر حملے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے زور ڈالا جا رہا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

بیان کے مطابق ’ایران سے اپنی سرزمین پر موجود دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے کا کہا گیا ہے۔‘
خیال رہے کہ اس سے قبل دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا تھا کہ دہشت گردوں نے پاکستانی فورسز پر حملے کے لیے ایران کی سرزمین استعمال کی۔ امید ہے کہ ایران ذمہ داران عناصر کے خلاف کارروائی کرے گا۔ 
ترجمان دفتر خارجہ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’پاکستان اپنی سرزمین ایران کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا، ایران بھی پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔‘

شیئر: