اداکاروں کی ذاتی زندگی میں بھی ایکشن، کون ہیرو کون وِلن؟
اداکاروں کی ذاتی زندگی میں بھی ایکشن، کون ہیرو کون وِلن؟
ہفتہ 21 جنوری 2023 9:56
قیصر کامران۔ کراچی
منیب بٹ نے فیروز خان کے خلاف ایف آئی اے میں شکایت بھی درج کروا دی (فوٹو: انسٹاگرام)
نئے سال کا آغاز ہوتے ہی پاکستانی فنکار فلموں اور ڈراموں کی کہانی سے زیادہ قانونی سکرپٹ میں اُلجھے نظر آئے، فلموں میں تو اداکار ولن اور ہیرو بنے لڑتے بہت اچھے لگتے ہیں لیکن اگر سینما سکرین سے نکل کر یہ ایکشن ذاتی زندگی میں آجائے تو نہ شائقین کو پسند آتا ہے اور نہ ہی فنکار خود اسے برداشت کرسکتے ہیں۔
ایسا ہی کچھ رواں ہفتے ہمیں دیکھنے کو اُس وقت ملا جب اداکار فیروز خان کی جانب سے کی گئی ایک پوسٹ میں بتایا گیا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر بنا ثبوت بدنام کرنے والے 10 فنکاروں کو ہتک عزت کا نوٹس بھیج دیا ہے گویا فیروز نے دبے الفاظ میں یہ کہا کہ ’نہ چھیڑو ہمیں ہم ستائے ہوئے ہیں۔‘
یہ معاملہ گزشتہ برس ستمبر میں اُس وقت شروع ہوا تھا جب فیروز خان اور سابقہ اہلیہ علیزے فاطمہ کی طلاق ہوگئی تھی جس کے بعد علیزے نے فیروز پر گھریلو تشدد کے الزامات عائد کیے تھے۔
بس پھر کیا تھا ساتھی فنکاروں نے علیزے کی حمایت کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر فیروز خان کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا یہاں تک کہ بعض فنکاروں نے تو اُن کے ساتھ کام کرنے سے ہی انکار کردیا تھا۔
فیروز خان نے جن فنکاروں کو قانونی نوٹس بھیجا اُن میں سابقہ اہلیہ علیزے فاطمہ، ہدایت کارہ و پروڈیوسر شرمین عبید چنائے، گلوکار عاصم اظہر، اداکار خالد عثمان بٹ، ہدایت کار مصدق ملک، اداکارہ ایمن خان، منال خان اور اداکارہ میرا سیٹھی شامل ہیں۔
تاہم زندگی کے شطرنج میں چلی گئی فیروز خان کی چال انہیں خود مہنگی پڑ گئی جب انہوں نے ساتھی اداکاروں کو بھیجے گئے قانونی نوٹس کی کاپی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کی، جس میں ساتھی فنکاروں کے گھر کا پتہ اور فون نمبر درج تھا۔
فیروز خان نے فنکاروں کو قانونی نوٹس کا پتّہ کھیل کر ڈرانے کی کوشش کی تو فنکاروں نے انہیں انہی کی چال میں پھنسا کر عدالت جانے کی دھمکی دے دی بلکہ ایمن خان کے شوہر منیب بٹ نے تو فیروز خان کی اس حرکت پر ایف آئی اے میں شکایت بھی درج کروا دی۔
اپنے فن سے شائقین کے دلوں پر راج کرنے والے فنکاروں کی آپس میں نوک جھوک اور سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنے کے بعد فیروز خان نے صرف ایک شعر پوسٹ کیا کہ ’کیا دبے جس پر حمایت کا ہو پنجہ تیرا ، شیر کو خطرے میں لاتا نہیں کتا تیرا‘
فیروز خان کی پوسٹ اور اس معاملے پر ہونے والی بحث کو دیکھ کر بالی وڈ فلم ’ویلکم‘ کا ایک ڈائیلاگ بھی کہا جا سکتا ہے کہ ’بھائی صاحب یہ کس لائن میں آگئے آپ؟‘
یقینا آپ کو یاد ہوگا کہ اس جیسی کہانی ہم نے ماضی میں علی ظفر اور میشا شفیع کے کیس میں بھی دیکھی تھی جب علی ظفر نے کئی شوبز شخصیات کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ کرتے ہوئے ان پر الزام لگایا تھا کہ ان شخصیات نے میشا شفیع کی حمایت کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر مجھے بدنام کرنے مہم چلائی ہے۔
بہرحال میشا شفیع کا ذکر آہی گیا ہے تو یہ بھی بتائیں کہ اداکارہ اور گلوکارہ میشا شفیع کی پہلی فلم ’مستاش‘ کی پہلی جھلک جاری کر دی گئی جس میں میشا شفیع کو حجاب پہنے دیکھا جا سکتا ہے۔
رواں ہفتے میشا شفیع نے ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ ایس ایکس ایس ڈبلیو فلم فیسٹیول میں ان کی ڈیبیو فلم کو نامزد کرلیا گیا ہے، فلم میں میشا کو مسلمان خاتون کے طور پر دکھایا جائے گا جو 13 سالہ پاکستانی لڑکے کی والدہ کا کردار ہے۔
آسکر کی نامزدگیوں کا اعلان آئندہ ہفتے
فلم فیسٹیول کی بات کریں تو دنیا کا سب سے بڑا فلمی میلہ آسکرز کی نامزدگیوں کا اعلان آئندہ ہفتے 24 جنوری کو کیا جائے گا لیکن اس سال خاص بات یہ ہے کہ پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رِض احمد امریکی اداکارہ ایلیسن ولیمز کے ساتھ ملکر آسکرز کی 95 ویں ایوارڈز کی تقریب کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کریں گے۔
رواں ہفتے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والوں میں اداکار عثمان مختار بھی شامل ہیں جن کی مختصر فلم ’گلابو رانی‘ نے لاس اینجلس سائنس اینڈ فکشن فلم فیسٹیول میں ہارر فلم کی کیٹیگری میں بہترین شارٹ فلم کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔
ایک اور اعزاز پاکستان کو یہ ملا کہ فلم ’جوائے لینڈ‘ کے اداکار علی جونیجو نے پام اسپرنگز فلم فیسٹیول میں بہترین اداکار کا ایوارڈ جیت لیا، فلم جوائے لینڈ نے گزشتہ برس کانز ایوارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔
دوسری جانب پاکستانی شارٹ فلم ’نام بدل دینا‘ کانز ورلڈ فلم فیسٹیول کی بہترین شارٹ فلم کی فہرست میں شامل کرلی گئی اس فلم کی کہانی ایک ایسے جوڑے کے گرد گھومتی ہے جن کی دوستی رشتے میں تبدیل ہوجاتی ہے۔
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے سینیئر اداکار آصف رضا میر کے بیٹے اور احد رضا میر کے بھائی عدنان رضا میر بھی جلد ٹی وی اسکرین پر نظر آئیں گے۔ وہ رمضان کے خصوصی ڈرامے ’فیری ٹیل‘ سے اپنے ٹیلی ویژن کیرئیر کا آغاز کریں گے جس میں ان کے ساتھ حمزہ سہیل اور سحر خان بھی نظر آئیں گی۔
دوسری جانب گلوکار و اداکار گوہر ممتاز ایک بار پھر ڈرامہ سیریل ’داغِ دل‘ کے ساتھ ٹی وی اسکرین پر واپس آ رہے ہیں جس میں وہ ایک صحافی اور اینکر پرسن کا کردار نبھا رہے ہیں جو معاشرے کی برائیوں کو بے نقاب کرتا ہے۔
جہاں گلوکار گوہر ممتاز ٹی وی پر اداکاری کرتے نظر آئیں گے وہیں گلوکار و اداکار ہارون شاہد کا جیو ٹی وی پر نشر ہونے والا ڈرامہ ’زندگی ایک پہیلی‘ اختتام پذیر ہو گیا۔
ڈرامے کی آخری قسط کو مداحوں کی جانب سے خوب پسند گیا، اس ڈرامے کی کاسٹ میں فرحان علی آغا، شبیر جان، ہارون شاہد، مریم نور اور لائبہ خان سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔
کراچی کے علاقے لیاری سے تعلق رکھنے والے گلوکار کیفی خلیل کی مقبولیت میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے ان کا گانا ’کہانی سنو 2.0 ‘ اور کانا یاری سپاٹیفائی کے ویکلی چارٹس پر مسلسل پہلی اور دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔
اداکارہ اور گلوکارہ عائشہ عمر کا نیا گانا ’ہر کوئی یار نہیں ہوتا‘ بھی یوٹیوب پر ریلیز کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے انسٹا گرام پر اپنی پوسٹ پر عائشہ عمر نے کہا کہ ’میرے دل اور روح کے بہت قریب ایک گانا، جو میرے دل سے آ رہا ہے۔‘
انڈین میوزک کمپنی ٹی سیریز کی جانب سے گزشتہ دنوں ایک گانا ’اچھا صلہ دیا تونے میرے پیار کا‘ ریلیز کیا گیا جس میں معروف بالی ووڈ ڈانسر نورا فتیحی اور بالی وڈ اداکار راج کمار راؤ نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں تاہم قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ کئی دہائی پہلے پاکستان کے مایہ ناز گلوکار عطااللہ عیسیٰ خیلوی کے گائے ہوئے گانے کی کاپی ہے جسے انڈیا میں دوسری بار ری میک کیا گیا ہے۔