Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نورا فتحی حسد کرتی تھیں، چاہتی تھیں جیکلین فرنینڈز کو چھوڑ دوں‘

سکیش چندرشیکھر کے مطابق نورا فتحی نے ان سے ہرمیز کے بیگ مانگے تھے۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈیا میں منی لانڈرنگ کیس کے ملزم سکیش چندر شیکھر نے دعویٰ کیا ہے کہ ’معروف ڈانس گرل نورا فتحی بالی وڈ اداکارہ جیکلین فرنینڈز سے حسد کرتی ہیں۔‘
انڈین این ڈی ٹی وی کے مطابق سکیش چندر شیکھر نے اپنے وکیل کے ذریعے جاری بیان میں کہا کہ ’نورا فتحی مجھے جیکلین فرنینڈز کے خلاف ورغلاتی رہتی تھیں تاکہ میں نورا کو اپنی گرل فرینڈ بنا لوں۔‘
’نورا مجھے دن میں کم از کم دس مرتبہ فون کرنے کی کوشش کرتی تھیں اور اگر میں ان کا فون نہ اٹھاتا تو وہ مسلسل کال کرتی رہتیں۔‘
خیال رہے کہ دو دن قبل نورا فتحی نے منی لانڈرنگ کے کیس کی سماعت کے دوران عدالت میں بیان دیا کہ سکیش چندر شیکھر نے وعدہ کیا تھا کہ ’اگر وہ ان کی گرل فرینڈ بن جائیں تو وہ انہیں بڑا گھر اور بہترین لائف سٹائل دیں گے۔‘
نورا فتحی کے بیان کے بعد سکیش چندرشیکھر نے بیان جاری کیا جس میں انہوں نے مزید کہا کہ جیکلین فرنینڈز کے ساتھ رومانوی تعلق میں ہونے کے باعث وہ نورا فتحی کو نظرانداز کر رہے تھے لیکن  نورا انہیں تنگ کرتی رہتی تھیں۔
’نورا اپنے رشتہ دار کے لیے میوزک کمپنی بنانے میں مجھ سے مدد مانگ رہی تھیں۔ مجھے اپنے پسندیدہ ہرمیز بیگ اور جیولری کی تصویریں بھجواتی رہتی تھیں جو میں نے پھر انہیں لے کر دی، جنہیں وہ ابھی تک استعمال کر رہی تھیں۔‘
بیان میں سکیش چندر شیکھر نے مطالبہ کیا کہ ’نورا فتحی سے کسی ایک ہرمیز بیگ کا بل مانگا جائے جو وہ کبھی بھی منظرعام پر نہیں لا سکیں گی۔‘
سکیش چندرشیکھر نے دعویٰ کیا کہ ’ان بیگز کی کل قیمت دو کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔‘
خیال رہے کہ گذشتہ سال نورا فتحی سمیت جیکلین فرنینڈز، نِکی تمبولی اور چاہت کھنہ کا نام فراڈ اور منی لانڈرنگ کے ملزم سکیش چندر شیکھر کے ساتھ جوڑا گیا تھا۔
سکیش چندر شیکھر پر 215 کروڑ انڈین روپے کی منی لانڈرنگ اور فراڈ کا الزام ہے، تاہم  ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ کی جانب سے نورا فتحی پر بھی الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے سکیش چندر شیکھر سے گاڑیاں، ہیرے اور قیمتی بیگز تحفے میں لیے تھے۔

شیئر: