جدہ میں ریاضی کے سعودی استاد کی جانب سے مفت آن لائن کلاسز
ابتدا میں آن لائن کلاس کےلیے 400 ریال فیس مقرر کی تھی ( فوٹو: سکرین گریب)
سعودی عرب کے شہر جدہ میں مقیم ریاضی کے ایک ریٹائرڈ سعودی استاد نے مفت آن لائن کلاسسز کا آغاز کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ’28 برس تک شعبہ تدریس سے منسلک رہا۔ ریٹائرمنٹ کے بعد معاشرے اور وطن عزیز کی خدمت کے لیے آن لائن مفت کلاسوں کا آغاز کیا ہے۔‘
اخبار 24 سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ریاضی کے استاد احمد اللبدی نے بتایا کہ ’مفت آن لائن کلاس آغاز چند طلبہ کے ساتھ کیا تھا۔ ابتدا میں اندازہ نہیں تھا کہ بڑی تعداد میں طلبہ دلچسپی لیں گے۔‘
احمد اللبدی نے مزید کہا کہ ’طلبہ کی سہولت کے لیے موبائل نمبر پر واٹس ایپ کی سہولت بھی مہیا کی ہے تاکہ دوردراز علاقوں میں موجود طلبہ رابطہ کریں تاکہ ریاضی کے سوالات انہیں سمجھا سکوں۔‘
ریٹائرڈ استاد نے مفت آن لائن کلاسوں کے آغاز کے حوالے سے بتایا کہ ’عرصہ دراز سے تدریس کے شعبے سے منسلک رہنے کے بعد پڑھانے کی ایسی عادت ہوچکی تھی کہ ریٹائرمنٹ کے بعد فارغ وقت کاٹنا دشوار لگتا تھا۔ اسی سوچ کے تحت آن لائن کلاس کا آغاز کیا تاکہ طلبہ کی مدد کے ساتھ میرا وقت بھی اچھی طرح گزرے۔‘
احمداللبدی نے بتایا کہ ’ابتدا میں آن لائن ریاضی کی کلاس کے لیے 400 ریال فیس مقرر کی تھی مگر فوری طورپر اپنے فیصلے سے رجوع کرتے ہوئے مفت کلاس شروع کر دی۔‘