بچوں کو تصاویر بنوانے کے لیے کل لے کر آتا ہوں: سنیل شیٹھی
اتوار 22 جنوری 2023 15:28
کے ایل راہُل اور اتھیا شیٹھی 23 جنوری کو شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ (فوٹو: زی نیوز)
بالی وُڈ اداکار سنیل شیٹھی نے اپنی بیٹی اتھیا شیٹھی اور کے ایل راہُل کی شادی کی تصاویر لینے والے فوٹوگرافرز کو کہا ہے کہ وہ دونوں کو تصاویر بنوانے کے لیے کل لے کر آئیں گے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق شادی کے انتظامات کو دیکھنے کے لیے اپنے فارم ہاؤس ’کھنڈالا‘ آنے والے سنیل شیٹھی نے وہاں موجود فوٹوگرافرز کو یقین دلایا کہ کل ان سے تصاویر بنوائی جائیں گی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سنیل شیٹھی کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں وہ فوٹوگرافرز سے کہہ رہے ہیں کہ ’آ رہے ہیں ہم لوگ، کل اُنہیں لے کر آتے ہیں بچوں کو، آپ نے جس طریقے سے پیار دکھایا اس کے لیے بہت بہت شکریہ۔‘
انہوں نے مراٹھی زبان میں فوٹوگرافرز کو یہ بھی بتایا کہ آج کوئی بھی تصاویر بنوانے کے لیے نہیں آئے گا، سب لوگ شادی کے بعد آئیں گے۔
کے ایل راہُل اور اتھیا شیٹھی گذشتہ چند سالوں سے ڈیٹ کر رہے تھے جس کے بعد 23 جنوری کو وہ شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔
سوموار کے روز ہونے والی شادی کی تقریب میں دونوں طرف سے صرف گھر کے افراد اور قریبی ساتھی ہی شرکت کریں گے۔