سوشل میڈیا پرمنشیات کی مارکیٹنگ کرنے والا غیرملکی گرفتار
ملزم کے قبضے سے چرس اورآتشیں اسلحہ بھی برآمد ہوا(فوٹو،ایس پی اے)
محکمہ انسدادمنشیات نے ریاض میں سوشل میڈیا پرمنشیات کی مارکیٹنگ کرنے والے مصری کوگرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے منشیات اوراسلحہ بھی برآمد کرلیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے محکمہ انسداد منشیات کے حوالے سے بتایاکہ محکمہ کی ٹیم کوریاض شہرمیں مقیم ایک غیرملکی کے بارے میں اطلاع ملی کہ وہ سوشل میڈیا پرمنشیات کی ترویج اورفروخت کےلیے مارکیٹنگ کرتاہے۔
منشیات کی سوشل میڈیا پرمارکیٹنگ کرنے کی اطلاع ملتے ہی محکمہ انسداد منشیات کی ٹیموں نے ملزم کے بارے میں تفتیش شروع کردی۔
تفتیشی ٹیم نے ملزم کے بارے میں تفصیلی معلومات جمع کرنے کے بعد اسے گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے 14.9 کلوگرام چرس، 14 ہزار سے زائد ممنوعہ طبی گولیاں، 3 ہزار نشہ آورگولیاں اوردوآتشیں اسلحہ اوراسکے 41 راؤنڈ برآمد کرلیے۔
ملزم کے خلاف ابتدائی رپورٹ درج کرنے کے بعد اسے پراسیکیوشن کے حوالے کردیا تحقیقات مکمل کرنے کے بعد کیس عدالت میں فائل کرایاجائے گا۔