کیا یاسر عرفات پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے بولنگ کوچ ہوں گے؟
کیا یاسر عرفات پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے بولنگ کوچ ہوں گے؟
جمعہ 3 فروری 2023 17:04
یاسر عرفات ہانگ کانگ کی مینز کرکٹ ٹیم کے کوچ رہ چکے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے ممکنہ ڈائریکٹر مکی آرتھر نے سابق پاکستانی کرکٹر یاسر عرفات کو اپنے سٹاف میں بطور بولنگ کوچ شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کرکٹ سے متعلق خبریں نشر کرنے والی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی اس حوالے سے آمادگی ظاہر کی ہے کہ مکی آرتھر کے سٹاف میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے الگ الگ کوچ رکھے جائیں۔
40 سالہ یاسر عرفات ہانگ کانگ کی مینز کرکٹ ٹیم اور انگلش کاؤنٹی کرکٹ کلب سسکس کے کوچ رہ چکے ہیں جبکہ حالیہ عرصے میں انہوں نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کا لیول چار کا کوچنگ کورس بھی مکمل کیا ہے۔
انہوں نے پاکستان کے لیے اپنا پہلا ون ڈے سنہ 2000 میں سری لنکا کے خلاف کھیلا تھا جبکہ 2007 میں انڈیا کے خلاف ٹیسٹ میچ سے ان کے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز ہوا۔
یاسر عرفات 2007 اور 2012 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں تاہم قومی ٹیم کی جانب سے کُل 27 میچز کھیلنے والے آل راؤنڈر انگلینڈ کے ڈومیسٹک کرکٹ میں بھرپور تجربہ رکھتے ہیں۔
دوسری جانب مکی آرتھر نے نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر گرانٹ بریڈ برن کو بھی اپنے سٹاف میں شامل کیا ہے۔ گرانٹ بریڈ برن اس سے پہلے بھی پاکستان ٹیم کے فیلڈنگ کوچ رہ چکے ہیں تاہم اس مرتبہ وہ اسسٹنٹ کوچ ہوں گے۔
اس سے قبل کرک انفو نے دعویٰ کیا تھا کہ پی سی بی اور مکی آرتھر کے درمیان معاملات آخری مراحل میں ہیں جس کے بعد وہ یکم اپریل سے پاکستان ٹیم کے ڈائریکٹر ہوں گے۔
کاؤنٹی سیزن کے دوران مکی آرتھر پاکستان ٹیم کے ساتھ نہیں ہوں گے تاہم ان کا مخصوص سٹاف موجود رہے گا جو ان کی غیر موجودگی میں ٹیم کو تیاری کروائے گا۔
سٹاف میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے جنرل مینیجر ریحان الحق بھی شامل ہوں گے۔روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر انہیں مکی آرتھر کا چیف آف سٹاف مقرر کیا جائے گا۔
ٹیم کے ساتھ بالنگ، فیلڈنگ اور بیٹنگ کا ایک ایک کوچ رکھا جائے گا لیکن ٹیم کا کوئی ہیڈ کوچ نہیں ہوگا۔
مکی آرتھر رواں سال انڈیا میں شیڈول آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سمیت پاکستان کے دورہ آسٹریلیا کے موقع پر ٹیم کے ساتھ موجود ہوں گے۔
مکی آرتھر 2016 سے 2019 تک پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں۔ ان کی کوچنگ میں پاکستان 2017 میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہوا تھا۔
اس کے علاوہ ان کی مدد سے پاکستانی ٹیم نے ٹی20 فارمیٹ کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تاہم 2019 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث مکی آرتھر کو عہدے سے فارغ کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ مکی آرتھر پاکستان کے علاوہ جنوبی افریقہ، سری لنکا اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔