یوکرین کی حمایت، معروف روسی گلوکارہ غیرملکی ایجنٹ قرار
گلوکارہ زمفیرہ رامازانوفا کھل کر یوکرین تنازعے کی مخالفت کرتی رہی ہیں۔ فوٹو: انسٹا زمفیرہ
روس کی معروف گلوکارہ زمفیرہ رامازانوفا کو یوکرین کی حمایت کرنے اور روسی جنگی آپریشن کی مخالفت کرنے پر حکومت نے غیرملکی ایجنٹ قرار دے دیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق روس کی وزارت برائے انصاف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گلوکارہ زمفیرہ رامازانوفا نے ’کھل کر یوکرین کی حمایت کی، غیر دوستانہ ممالک میں کنسرٹ کیے، جبکہ خصوصی عسکری آپریشن کی مخالفت میں بیانات دیے اور بیرونی ذرائع سے مدد حاصل کی۔‘
گلوکارہ زمفیرہ رامازانوفا روس کے وسطی علاقے بشکورتستان میں پیدا ہوئیں اور سنہ 1998 سے پرفارم کر رہی ہیں۔
زمفیرہ رامازانوفا نہ صرف روس بلکہ سابق روسی ریاستوں میں بھی خاصی شہرت رکھتی ہیں۔
وہ یوکرین کے ساتھ تنازعے کی مخالفت کے حوالے سے بھی جانی جاتی ہیں اور ان کی ویب سائٹ پر بھی ’نو ٹو وار‘ یعنی جنگ سے انکار کا نعرہ درج ہے۔
گلوکارہ کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ فروری 2022 میں یوکرین پر حملے کے بعد وہ روس چھوڑ کر فرانس منتقل ہو گئی تھیں، تاہم اس حوالے سے زمفیرہ رامازانوفا کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
غیر ملکی ایجنٹ قرار دیے گئے روسیوں کو اکثر پولیس تلاشی اور دیگر سزاؤں کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ متعدد روسی شہری پچھلے ایک سال میں ملک چھوڑ چکے ہیں۔
وزارت انصاف کے مطابق جمعے کو مزید شہریوں کو غیرملکی ایجنٹ قرار دیا گیا ہے جن میں حزب اختلاف کی جماعت کے رہنما ڈمیٹری گڈکوف بھی شامل ہیں۔