وزارت افرادی قوت نے کارکنوں کے 80 لاکھ ریال مالیت کے حقوق دلا دیے
اتوار 12 فروری 2023 18:23
4500 سے زیادہ کیسز میں اجیروں کے حقوق ادا کرائے گئے ہیں ( فوٹو: سبق)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے 2022 کے دوران 80 لاکھ ریال مالیت کے تنازعات نمٹا دیے۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آجروں اور اجیروں کے درمیان مالی تنازعات تیزی سے نمٹانے کے لیے ایک طریقہ کار کے تحت کام کر رہی ہے۔
پہلے مرحلے میں کوشش کی جاتی ہے کہ فریقین کے دعوے سن کر تنازعات برادرانہ ماحول میں طے کرائے جائیں۔
اگر فریقین اپنے موقف پر قائم رہتے ہیں اور وہ کیس آگے بڑھانا چاہتے ہیں تو ایسی صورت میں وزارت کی مصالحتی کمیٹی کیس کورٹ کے حوالے کردیتی ہے۔ باقاعدہ سماعت کے بعد دلائل و شواہد کی بنیاد پر فیصلہ دیا جاتا ہے۔
عسیرریجن میں وزارت کے ڈائریکٹر جنرل ھادی الشہرانی نے بتایا کہ 80 لاکھ ریال سے زیادہ کے 4500 سے زیادہ کیسز میں اجیروں کے حقوق ادا کرائے گئے۔