مملکت میں پیر سے جمعے تک موسم غیر مستحکم، سردی بڑھے گی
تبوک ریجن کے جنوبی مقامات پر برفباری اور ژالہ باری کا امکان ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ’ آئندہ 48 گھنٹے کے دوران مختلف علاقوں میں بارش،ِ گرد آلود تیز ہواؤں اور سردی بڑھنے کے امکانات ہیں‘۔
سبق اور عاجل ویب کے مطابق قومی مرکز کا کہنا ہے کہ’ پیر سے جمعہ تک مملکت کے بیشترعلاقو ں کا موسم غیرمستحکم رہے گا‘۔
قومی مرکز نے بیان میں کہا کہ ’تبوک، حدود شمالیہ،الجوف، حائل، قصیم، ریاض، الشرقیہ اور مدینہ منورہ ریجنوں میں بوندا باندی کے امکانات ہیں‘۔
’ تبوک، الجوف، حدود شمالیہ، حائل، القصیم، الشرقیہ، ریاض، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں گرد آلودد ہواؤں سے غیرمستحکم موسم کی شروعات ہوگئی ہے‘۔
قومی مرکز نے مزید کہا کہ’ تبوک، الجوف، حدود شمالیہ، حائل ، مدینہ منورہ کے شمالی علاقوں میں درجہ حرارت مسلسل کم ہورہا ہے۔ چار سینٹی گریڈ سے منفی درجہ حرارت تک کا امکان ہے۔ شدید سردی متوقع ہے‘۔
’حائل، حدود شمالیہ کے مخصوص علاقوں اور تبوک ریجن کے جنوبی مقامات پر برفباری اور ژالہ باری کا امکان ہے‘۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں ان دنوں شمالی علاقوں میں شدید ٹھنڈ اور سرد ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ مملکت کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں موسم گرم ہے۔