کراچی ..پی سی بی کے چیئرمین شہریار خاں نے کہا کہ ہند میں کھیلنے کیلئے تیار ہیں لیکن ہندوستانی کرکٹ بورڈ اپنے ملک میں بھی ہمارے ساتھ اپنی ٹیم کو کھلانے کیلئے تیار نہیں۔ جمعرات کو کراچی پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حتیٰ کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی تسلیم کیا کہ دنیائے کرکٹ میں ہند اور پاکستان کے درمیان سیریز سب سے زیادہ اہم ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز سے بہت زیادہ مالی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ ہم اپنے پروگرام کو طے شدہ شیڈول کے مطابق رکھیں گے لیکن ہند سے سیریز نہ کھیلنے سے ہماری آمدنی کو بہت نقصان پہنچے گا۔ ہند سے جو معاہدہ کیا تھا اس میں کہیں بھی اس بات کا تذکرہ نہیں تھا کہ پاکستان سے کھیلنے کا انحصار حکومتی اجازت سے مشروط ہے۔اس حوالے سے تازہ خط کا ہند نے جواب دینا ہے۔کراچی میں کرکٹ کی واپسی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں خود کراچی سے ہوں اور چاہتا ہوں کہ میرے شہر میں کرکٹ واپس آئے۔2سال میں شہر میں دہشت گردی کا کوئی بڑا واقعہ نہیں ہوا ۔کراچی کے حوالے سے خصوصی لائحہ عمل تیار کرنے پر کام کر رہے ہیں۔