ابوظبی میں طلاق کی شرح کم ہو کر 6 فیصد رہ گئی
63 فیصد جوڑوں کے درمیان مصالحت کے ذریعے تنازعات طے کرادیے گئے (فوٹو: ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات میں ابوظبی کے عدالتی ادارے نے طلاق کی شرح کم کرانے میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔
2021 میں طلاق کی شرح 9 فیصد تھی اب یہ شرح 2022 کے دوران کم ہوکر 6 فیصد رہ گئی۔
الامارات الیوم کے مطابق ابوظبی کے عدالتی ادارے نے بیان میں کہا کہ ’طلاق کے کیسز فریقین کے درمیان روا داری اور درگزر کے ماحول کی حوصلہ افزائی کرکے گھریلو تنازعات ختم کرانے کی ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے‘۔
عدالتی ادارے کا کہنا ہے کہ’ طلاق کی شرح میں کمی متبادل حل کے مشن کے باعث ممکن ہوسکی ہے۔ ملک کے سماجی و اقتصادی و تکنیکی حالات کو مدنظر رکھ کر عدالتوں کے روایتی دائرے سے ہٹ کر اختلافات طے کرائے گئے‘۔
عدالتی ادارے کا کہنا ہے کہ ’2022 کے دوران 99.2 فیصد گھریلو جھگڑوں کے کیسزعدالتوں میں آئے۔ 15606 تنازعات میں 63 فیصد جوڑوں کے درمیان مصالحت کے ذریعے تنازعات طے کرادیے گئے‘۔
عدالتی ادارے کا کہنا ہے کہ ’ابوظبی میں مختلف آگہی پروگرام بھی چلائے جارہے ہیں۔ ان کے خوشگوار اثرات برآمد ہورہے ہیں‘۔