Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الیکشن شیڈول نہ آنے پر پی ٹی آئی کی آج سے جیل بھرو تحریک شروع

پولیس جمع ہونے والے کارکنوں کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار کر سکتی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف آج سے ملک میں جیل بھرو تحریک کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔ پی ٹی آئی کے مطابق ’جیل بھرو تحریک‘ کا آغاز لاہور سے کیا جائے گا جس میں پارٹی کی سینیئر قیادت اور کارکن رضاکارانہ طور پر اپنی گرفتاری دیں گے۔‘
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’لاہور کے علاقے جیل روڈ پر واقع پارٹی دفتر میں دوپہر ساڑھے 12 بجے سینکڑوں کارکن پہنچیں گے۔‘
پارٹی دفتر سے فواد چوہدری اور یاسمین راشدکی قیادت میں ایک ریلی کی شکل میں یہ جلوس پنجاب اسمبلی کے سامنے چیئرنگ کراس پہنچے گا جہاں پر پولیس کو گرفتاریاں دی جائیں گی۔
لاہور میں اردو نیوز کے نامہ نگار رائے شاہنواز کے مطابق ’حکومت نے صوبائی دارالحکومت لاہور کے کئی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کر رکھی ہے۔ مال روڈ اور جیل روڈ دونوں جگہوں پر تین سے زائد افراد کا اکٹھا ہونا غیرقانونی قرار دیا گیا ہے۔‘
تاہم پنجاب کی نگراں حکومت نے ابھی تک ایسا کوئی ارادہ ظاہر نہیں کیا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو گرفتار کیا جائے گا۔ لاہور پولیس نے بھی اس حوالے سے کوئی موقف جاری کیا نہ ہی کوئی وارننگ جاری کی ہے۔
قانونی ماہرین کے مطابق پولیس اسی وقت کارکنوں کو گرفتار کرے گی جب وہ کوئی غیرقانونی کام کریں گے اور کوئی کام قابل دست اندازی پولیس ہو گا۔
پولیس قانونی طور پر مال روڈ پر جمع ہونے والے کارکنوں کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار کر سکتی ہے۔ 
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے دیگر صوبوں میں بھی کارکنوں کو تیار رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

پی ٹی آئی نے تاحال لاہور کے علاوہ دیگر صوبوں میں کارکنوں کو گرفتاریاں دینے کی ہدایت نہیں کی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

اس حوالے سے خیبر پختونخوا کے ضلعی صدور کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے، تاہم لاہور کے علاوہ دیگر صوبوں میں تاحال کارکنوں کو گرفتاریاں دینے کی ہدایت نہیں کی گئی۔ 
کراچی سے اردو نیوز کے نامہ نگار زین علی کے مطابق ’سندھ سے جیل بھرو تحریک کے لیے کارکنوں کو تیار رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔‘
پی ٹی آئی کراچی کے ترجمان کے مطابق ’جیل بھرو تحریک کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ پہلے مرحلے میں لاہور سے تحریک کا آغاز ہو گا جیسے ہی ہدایت ملے گی سندھ سے بھی گرفتاریاں دے دی جائیں گی۔‘
خیال رہے کہ 17 فروری کو سابق وزیراعظم عمران خان نے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ عمران خان کے مطابق ’جیل بھرو تحریک 22 فروری کو لاہور سے شروع کی جائے گی۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد 90 روز میں الیکشن شیڈول جاری نہ کرنے کے خلاف ملک بھر میں جیل بھرو تحریک کا آغاز کیا جا رہا ہے۔‘

شیئر: