Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زچگی کے دوران ہلاکتیں، ’ہر دو منٹ بعد ایک عورت جان سے جاتی ہے‘

ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس ادانوم کا کہنا ہے کہ ہر عورت کو صحت کی تمام سہولتیں ملنی چاہییں (فوٹو: اے ایف پی)
اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ دنیا میں ہر دو منٹ بعد ایک خاتون حمل یا زچگی کی پیچیدگیوں کی وجہ سے موت کے منہ میں چلی جاتی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ 20 برس میں زچگی کے دوران ہونے والی اموات میں ایک تہائی کمی آنے کے باوجود بھی یہ شرح زیادہ ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق ’شرح اموات 2015 اور 2000 کے درمیان نمایاں طور پر کم ہوئی لیکن 2016 اور 2020 میں جمود کا شکار رہی جبکہ کچھ خطوں میں اس کے برعکس صورت حال بھی دیکھنے کو ملی۔‘
عالمی ادارہ صحت اور اقوام متحدہ کے دوسرے اداروں کا کہنا ہے کہ پچھلے 20 برس کے دوران مجموعی طور پر دوران زچگی اموات کی شرح میں 34 اعشاریہ چار فیصد کی کمی ہوئی اور 2020 میں 10 ہزار کیسز میں اموات تعداد 339 سے کم ہو کر 223 پر آئی۔
’اس کا مطلب یہ ہے 2020 میں تقریباً ہر دو منٹ میں ایک خاتون توڑتی رہی اور 800 عورتیں جان سے گئیں۔‘
شرح اموات میں سب سے زیادہ کمی بیلاروس میں ریکارڈ کی گئی جو 95 اعشاریہ پانچ فیصد تک تھی جبکہ سب سے زیادہ اضافہ وینزویلا میں دیکھا گیا۔
2015 سے 2020 کے درمیان سب سے زیادہ اضافہ امریکہ میں سامنے آیا۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ادانوم گیبریئس کا کہنا ہے کہ ’اگرچہ حمل خواتین کے لیے ایک امیدافزا اور مثبت تجربہ ہونا چاہیے لیکن یہ اب بھی دنیا بھر میں لاکھوں خواتین کے لیے ایک خطرناک تجربہ ہے۔‘
ان کے مطابق ’نئے اعدادوشمار اس امر کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہیں کہ ہر لڑکی اور عورت کو صحت کی اہم سروسز فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنے تولیدی حقوق کو استعمال کر سکیں۔‘

 


عالمی ادارہ صحت کے مطابق اموات میں سے 70 فیصد سے زائد صحارا افریقہ میں ہوئیں (فوٹو: اے ایچ او)

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زچگی کے دوران خواتین کی ہلاکتوں کی شرح 2016 اور 2020 میں اقوام متحدہ کے آٹھ ریجنز میں سے صرف دو میں کم ہوئی۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں 35 فیصد کمی آئی جبکہ وسطی اور جنوبی ایشیا میں 16 فیصد تک کمی ہوئی۔
شرح اموات یورپ اور شمالی امریکہ میں 17 فیصد تک بڑھی جبکہ لاطینی امریکہ اور کیریبیئن میں 15 فیصد تک اضافہ ہوا۔ دوسرے خطوں میں شرح جمود کا شکار رہی۔
رپورٹ مرتب کرنے والے جینی کریسویل نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ ’یورپ کے دو ممالک میں سب سے نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ان میں یونان اور قبرص شامل ہیں۔‘
دنیا کے پسماندہ اور جنگ زدہ علاقوں میں بھی زچگی کے دوران خواتین کی اموات کی شرح زیادہ ہے۔
’اموات میں سے 70 فیصد سے زائد صحارا افریقہ میں ہوئیں جہاں یہ شرح آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مقابلے میں 136 گنا زیادہ ہے۔‘

شیئر: