سعودی وزیر حج کی ملائیشیا کے وزیراعظم سے ملاقات
دوطرفہ تعلقات اور حج وعمرہ کوٹے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے منگل کو ملائیشیا کے وزیر اعظم انورابراہیم سے ملاقات کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ملاقات میں سعودی عرب اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور حج وعمرہ کوٹے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سیاحت، تعلیم، سرمایہ کاری اور تجارت میں تعاون کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔
ملائیشیا کے وزیر اعظم نے سعودی عرب کی جانب سے حج اور عمرہ زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کی تعریف کی۔
یاد رہے کہ سعودی وزارت حج وعمرہ نے بیرون مملکت سے حج گروپوں کے لیڈرز کی مملکت آمد سے قبل ان کی تربیت کا پروگرام شروع کیا ہے۔
ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں ہونے والے پہلے سیشن میں 30 سے زیادہ گروپ لیڈرز نے شرکت کی تھی۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی ہدایت پر ہونے والی اس تقریب کو وزارت حج نے سپانسر کیا اور سعودی وزیر حج نے اس میں شریک تھے۔
اس پروگرام کا مقصد سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق عازمین حج کے لیے خدمات کے معیار کو بہتر، ان کے سفر کو آسان بنانا، مذہبی اور ثقافتی تجربے کو تقویت دینا ہے۔