اے سی سی کپ: سعودی کرکٹ ٹیم میانمار کو ہرا کر سیمی فائنل میں
سعودی عرب نے گروپ بی میں تین میچ کھیلے جن میں سے اسے تینوں میں فتح ملی (فوٹو: کرکٹ سعودی ٹوئٹر)
سعودی عرب کی قومی کرکٹ ٹیم نے اے سی سی مینز چیلنجر کپ کے بنکاک میں کھیلے گئے ون ڈے میں میانمار کو 327 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے راہ ہموار کر لی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب نے گروپ بی میں تین میچ کھیلے جن میں سے اسے تینوں میں فتح ملی ہے
ایشین کرکٹ کونسل نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’سعودی عرب نے میانمار کو 327 رنز سے ہرا دیا اور سٹائل کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔‘
سعودی عریبین کرکٹ فیڈریشن نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’سعودی نیشنل کرکٹ ٹیم نے گروپ بی میں میانمار کو شکست دے دی اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جو 3 مارچ کو بھوٹان کے ساتھ ہو گا۔‘
اس سے قبل سعودی عرب نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 424 رنز بنائے۔
مین آف دی میچ عبدالمنان علی نے 80 گیندوں پر 102 بنائے جس میں 11 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
آل راؤنڈر زین العابدین نے 34 گیندوں پر 66 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے اپنے چار اوورز کے سپیل میں دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔
ان کے علاوہ عبدالواحد نے 36 گیندوں پر 61 رنز بنائے، محمد ہشام شیخ نے 59 اور سعد خان نے 14 گیندوں پر 36رنز سکور کیے۔
میانمار کے بولرز نے پوری اننگز میں سعودی ٹیم کے بیٹنگ آرڈر کو روکنے کی کوشش کی جس میں وہ ناکام رہے۔
میانمار بڑے ہدف کا تعاقب نہ کر سکی اور اس کے بیٹرز یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے گئے۔ میانمار کی پوری ٹیم 25.3 میں صرف 97 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
سعودی عرب کے بولر عبدالوحید بلدرف نے 8.3 اوورز میں چار وکٹیں حاصل کیں اور صرف 30 رنز دیے۔