یہ الیکٹرک کار انڈیا میں رواں سال لانچ کر دی جائے گی۔
ایم جی موٹر کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ نئی الیکٹرک کار کا نام ’کومیٹ‘ ہو گا۔
اس کار کا نام 1934 میں ہونے والی انگلینڈ آسٹریلیا میک روبرٹسن ایئر ریس میں حصہ لینے والے تاریخی برطانوی ہوائی جہاز کے نام پر رکھا گیا ہے۔
ایم جی موٹر انڈیا کے صدر اور مینیجنگ ڈائریکٹر راجیو چابا کہتے ہیں کہ ’شہروں میں آمدروفت اس نہج پر ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ آنے والے دور سمیت رواں چیلنجز کو بھی دیکھا جائے۔ ہم جیسے جیسے ڈیجیٹل زمانے میں جا رہے ہیں، ہم اس میں ایسی کئی ایجادات دیکھیں گے جو جدید ٹیکنالوجی سے بنی ہوں گی جس سے آمدورفت سمیت بقیہ چیزیں صاف ہوں گی۔‘
’ہم کومیٹ کے ذریعے اہم اقدام کی نیت رکھتے ہیں اور اس سے اچھے مستقبل امید کرتے ہیں۔‘
ایم جی کومیٹ ‘ویولنگ ایئر ای وی‘ پر مبنی ہو گی جو پہلے سے ہی عالمی مارکیٹ میں فروخت ہو رہی ہے۔ یہ نئی الیکٹرک کار ٹاٹا کی ٹیاگو الیکٹرک کار اور سٹریون ای سی تھری سے چھوٹی ہو گی۔
اس کی لمبائی کم از کم 2900 ملی میٹر تک ہو گی۔
کومیٹ کی پاور آؤٹ پٹ 40 بریک ہارس پاور تک ہو سکتی ہے (فائل فوٹو: کار دیکھو ڈاٹ کام)
کار کی بیٹری اور الیکٹرک موٹر کے بارے میں ابھی کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی تاہم یہ امید کی جا رہی ہے کہ اس کی بیٹری 20 کلو واٹ سے زیادہ ہو گی اور کار ایک چارج میں 250 سے 300 کلومیٹر تک سفر کر سکے گی۔
کومیٹ کی پاور آؤٹ پٹ 40 بریک ہارس پاور تک ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب اگر اس کار کے اندرونی حصے کی بات کی جائے تو اس میں دو سکرینیں نصب کی جائیں گی۔ تفریح اور معلومات کے لیے ایک بڑی سکرین ہو گی جبکہ کار میں کمپنی کی جانب سے انڈیا کے ماحولیاتی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تبدیلیاں بھی کی جائیں گی۔