عاجل نیوز کے مطابق ادارہ امورحرمین کے ترجمان نے الاخباریہ چینل کوانٹرویودیتے ہوئے بتایا کہ کورونا وبا کے بعد امسال ماہ رمضان المبارک کے دوران نہ صرف مملکت بلکہ دنیا بھرسے بڑی تعداد میں عمرہ زائرین مملکت آئیں گے جس کےلیے ادارہ نے جامع حکمت عملی مرتب کی ہے تاکہ زائرین کی آمدورفت کو منظم کیاجائے۔
ادارے کےترجمان ھانی حیدر کا مزید کہنا تھا کہ زائرین کی سہولت کےلیے مرتب کی جانے والی حکمت عملی چار بنیادی نکات پرمشتمل ہے جس میں سب سے اہم زائرین کی آمد ورفت کو منظم رکھنے کےلیے انتظامیہ کی جانب سے اضافی عملے کی تعیناتی اور راہداریوں کوخالی رکھنا ہے۔
رمضان المبارک کے دوران صحن مطاف صرف عمرہ کرنے والوں کے لیے ہی مخصوص ہوگا جبکہ طواف کے لیے بالائی منازل کومخصوص کیا گیاہے۔ سنت طواف ادا کرنے کےلیے جگہیں مخصوص کی گئی ہیں تاکہ طواف کی ادائیگی میں رکاوٹ نہ ہو۔
مسعی کی جانب جانے والے راستوں کی بھی نمایاں انداز میں نشاندہی کی گئی ہے جبکہ زائرین کی سہولت اورگراؤڈ کنٹرولنگ کےلیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا گیا ہے۔ ازدحام پرقابو پانے کے لیے زائرین کی آمد ورفت کے مقامات کو بھی جدا کیا گیا ہے علاوہ ازیں ان مقامات پررہنما گائیڈز بھی فراہم کیے ہیں۔
مدینہ منورہ کی مسجد نبوی الشریف میں بھی ماہ رمضان المبارک میں زائرین کی آمد کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔