دپیکا پاڈوکون پاکستانی نژاد برطانوی اداکار کے ساتھ آسکر کی میزبانی کریں گی
گزشتہ سال رض احمد آسکر کی بیسٹ لائیو ایکشن شارٹ فلم میں اکیڈمی ایوارڈ جیتنے والے پہلے مسلمان اداکار بنے تھے (فائل فوٹو: انسٹاگرام، رض احمد)
بالی وُڈ کی اداکارہ دپیکا پاڈوکون پاکستانی نژاد برطانوی ایکٹر کے ساتھ آسکر کی میزبانی کریں گی۔
عرب نیوز کے مطابق اکیڈمی ایوارڈ نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ دپیکا پاڈوکون برطانوی نژاد پاکستانی اداکار رض احمد کے ساتھ 95 ویں آسکر ایوارڈ کی تقریب میں میزبانی کریں گی۔
یہ تقریب ہالی وُڈ کے ڈولبی تھیٹر میں 12 مارچ کو منعقد ہو گی۔
دپیکا پاڈوکون اور رض احمد کے ساتھ تقریب میں زو سلڈانا، ڈیوائن جانسن، ایمیلی بلنٹ اور مائیکل بی جارڈن بھی شامل ہوں گے جبکہ آرگنائزیشن کی جانب سے بقیہ میزبانوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
37 سالہ دپیکا پاڈوکون جنہوں نے 2017 میں ہالی وُڈ فلم ’ایکس ایکس ایکس: ریٹرن کو زینڈر کیج‘ کے ذریعے انڈسٹری میں اپنا ڈیبیو کیا تھا حالیہ دنوں میں انسٹاگرام پر 7 کروڑ سے زائد فالوورز حاصل کر چکی ہیں۔
انہوں نے انسٹاگرام پر آسکر میں میزبانی کی تصدیق کرتے ہوئے پوسٹ شیئر کی جس میں میزبانوں کے نام لکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب گزشتہ سال رض احمد آسکر کی بیسٹ لائیو ایکشن شارٹ فلم میں اکیڈمی ایوارڈ جیتنے والے پہلے مسلمان اداکار بنے تھے۔
اس کے علاوہ وہ 2022 میں لاس اینجلس میں ہونے والی تقریب میں فلم ’دی لانگ گڈ بائے‘ میں بطور کو رائٹر بھی ایوارڈ جیت چکے ہیں۔