Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان سرحد پر فائرنگ، تین پولیس افسر ہلاک

2020 میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان متنازع ناگورنو کاراباخ کے علاقے میں ہونے والی سرحدی جھڑپ کے نتیجے میں تین پولیس افسر ہلاک ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان دو جنگیں ہو چکی ہیں جن میں ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
آرمینیا کے حامی حکام نے کہا کہ ’آذربائیجان کی فوج کے ایک گروپ نے پولیس کے پاسپورٹ اینڈ ویزہ ڈیپارٹمنٹ کی کار پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین پولیس افسر ہلاک ہو گئے۔‘
آذربائیجان کی وزارت دفاع نے اس بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’فورسز اسلحہ لے کر جانے والی گاڑیاں روک رہی تھیں جب ان پر فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دونوں طرف لوگ زخمی ہوئے اور ہلاکتیں ہوئیں۔‘
آرمینیا کی وزارت خارجہ نے آذربائیجان کے بیان کو ’فضول‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’اس اشتعال انگیزی کی پہلے سے منصوبہ بندی کی گئی اور قیادت نے ہدایات دیں۔‘
2020 میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ ہوا جس میں ساڑھے چھ ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے اور آرمینیا کو اپنے زیر انتظام علاقوں سے ہاتھ دھونا پڑے۔
کاراباخ کا کچھ حصہ آرمینیا کے علیحدگی پسندوں کے پاس ہے جہاں روس کا امن مشن موجود ہے۔
دسمبر 2022 سے آذربائیجان کے ماحولیات کے سماجی کارکنوں نے کاراباخ سے آرمینیا جانے والی واحد شاہراہ کو بند کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہاں غیرقانونی کان کنی ہو رہی ہے۔

شیئر: