Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ ریجن سمیت کئی علاقوں میں بارش کا امکان، جدہ اور دیگر شہروں میں اتوار کو سکول بند

کئی علاقوں میں گردوغبار کے باعث حدنگاہ بھی متاثرہوسکتی ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں ادارہ تعلیم کی جانب سے اتوار12 مارچ کو جدہ طاائف، مکہ، خلیص، رابغ اور دیگر شہروں میں بارش کے پیش نظر سکولوں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ریجنل ادارہ تعلیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ’ قومی مرکز برائے موسمیات کی جانب سے جاری موسمی رپورٹ کے مطابق اتوار مکہ ریجن کے علاقے جدہ، رابغ اورخلیص میں بارش کا قوی امکان ہے‘۔ 
ادارہ تعلیم نے موسم کی رپورٹ کے حوالے سے تمام سکولوں کو بندرکھنے کے احکامات جاری کرنے کے ساتھ یہ ہدایت بھی کی ہے کہ’ تدریس کا سلسلہ آن لائن ’مدرستی’ پلیٹ فارم کے ذریعے جاری رکھا جائے‘۔ 
طائف اور مکہ مکرمہ کے محکمہ تعلیم نے بھی اتوار کو سکولوں کے طلبہ اور اساتذہ کےلیے حاضری معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مدرستی پلیٹ فارم کے ذریعے آن لائن کلاسز ہوں گی۔ 
الباحہ اور المخواہ میں بھی خراب موسمی صورتحال کے باعث تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے موسمیات کے قومی مرکز کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ’ اتوار 12 مارچ کو نجران،عسیر، جازان، الباحہ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض، قصیم اور حائل میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ گردوغبار کے باعث حدنگاہ بھی متاثرہوسکتی ہے‘۔

شیئر: