Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب 72 ملکوں کو 19 ہزار ٹن کھجوروں کا تحفہ دے گا

رمضان کی آمد پر کھجوروں کی تقسیم کے پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے( فوٹو: ایس پی اے)
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے برادر اور دوست ممالک کے لیے رمضان کی آمد پر کھجوروں کی تقسیم کے پروگرام کا آغاز کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز کے سربراہ ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے اتوار کو ریاض میں ’کھجور تحفہ پروگرام‘ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ’ سعودی عرب گزشتہ برسوں کے دوران عالمی سطح پر انسانیت نواز امداد فراہم کرنے والے پانچ بڑے ملکوں میں سے ایک ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اقوام متحدہ کے ذرائع نے اس کی تصدیق کی ہے جبکہ گزشتہ برس سعودی عرب بین الاقوامی ترقیاتی امداد فراہم کرنے والوں میں سرفہرست رہا ہے‘۔
ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے کہا کہ ’کھجوروں کے تحفے کا پروگرام مملکت کے نخلستانوں کی کامیابی، برادر اور دوست ممالک کے ساتھ محبت کی علامت ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’چار براعظموں کے 72 ملکوں کو 19 ہزار ٹن سے زیادہ کھجوروں کا تحفہ دیا جائے گا۔ ان ملکوں کا تعلق ایشیا، افریقہ، جنوبی امریکہ اور یورپی ممالک سے ہے‘۔
انہو ں نے بتایا کہ’ چار ہزار ٹن کھجوریں عالمی خوراک پروگرام کے توسط سے تقسیم کی جائیں گی جن کی مجموعی لاگت 136 ملین ریال ہے۔ سالانہ 14 ملین افراد کو فائدہ ہوگا‘۔
شاہ سلمان مرکز کے سربراہ نے بتایا کہ ’عالمی خوراک پروگرام اس حوالے سے ہمارا سٹریٹجک پارٹنر ہے دیگر بھی مرکز کے ساتھ کام کررہے ہیں‘۔

 سعودی عرب 2002 سے کھجوروں کے تحفے کا پروگرام چلا رہا ہے (فوٹو: ایس پی اے)

انہوں نے کہا کہ’سعودی عرب میں 31 ملین سے زیادہ کھجوروں کے درخت ہیں جن کی سالانہ پیداوار 1.5 ملین ٹن ہے‘۔
’کھجوروں کی پیداوارمیں سعودی عرب دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر ہے‘۔
 سعودی عرب 2002 سے کھجوروں کے تحفے کا پروگرام چلا رہا ہے۔ اس کے تحت سالانہ چار ہزار ٹن کھجوریں تقسیم کی جا رہی ہیں۔
پروگرام کے آغاز سے اب تک 130 ملکوں کو 84 ہزار ٹن کھجوریں دی جا چکی ہیں۔

شیئر: