سعودی عرب اور چین مشترکہ سیاحتی انیشیٹیو پر متفق
فریقین مختلف شعبوں میں مہارت اورمعلومات کا تبادلہ بھی کریں گے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب اور چین سیاحت کے شعبے میں افرادی قوت کے فروغ اور مشترکہ سیاحتی منصوبے شروع کرنے پر متفق ہو گئے ہیں۔
فریقین ٹیکنالوجی، اعداد وشمار اور ڈیجیٹلائزیشن کے شعبے میں مہارت اورمعلومات کا تبادلہ بھی کریں گے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ سیاحت کی مجلس انتظامیہ کے ایگزیکٹیو چیئرمین فہد حمید الدین اورچین کے نائب وزیر ثقافت وسیاحت نے بیجنگ میں سعودی سفیرعبدالرحمن الحربی کی موجودگی میں ملاقات کی۔ حمید الدین ان دنوں چین کے دورے پر ہیں۔
دونوں عہدیداروں نے سعودی عرب اور چین کے درمیان مشترکہ تعاون کے پہلوؤں اور سیاحت کے شعبے میں سٹریٹیجک شراکت کے استحکام کی تدابیر پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے متعلقہ عالمی تنظیموں کے ذریعے بین الاقوامی کوششوں اور تصورات میں یکسانیت لانے کی اہمیت اجاگر کی۔
اس موقع پر دسمبر 2022 کے دوران چینی صدر کے دورہ مملکت کے نتائج کا تذکرہ بھی کیا گیا۔ اس امر کا اعادہ کیا گیا کہ چینی صدر کے دورے کے موقع پر اس امر سے اتفاق کیا گیا تھا کہ سعودی عرب چین کے لیے اہم سیاحتی ملک ہوگا۔ چینی سیاح گروپوں کی شکل میں سعودی عرب کی سیر کے لیے پہنچیں گے۔