نیپال میں دو طیارے ٹکرانے سے بچ گئے، ایئر ٹریفک کنٹرول کے تین ملازمین معطل
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے معاملے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
نیپال کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئر ٹریفک کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے تین ملازمین کو ’لاپرواہی‘ پر معطل کر دیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق اتھارٹی کے ترجمان جگن ناتھ نیرولا کے مطابق تینوں ملازمین کی غفلت و لاپرواہی کے باعث حادثہ پیش آ سکتا تھا۔
جمعے کی صبح کوالالمپور، ملائیشیا سے کھٹمنڈو آنے والا نیپال ایئر لائن کا ایک ایئربس اے 320 طیارہ اور نئی دہلی سے کھٹمنڈو آنے والا ایئر انڈیا کا طیارہ تقریباً آپس میں ٹکرا گئے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ ایئر انڈیا کا طیارہ 19,000 فٹ سے نیچے اتر رہا تھا جبکہ نیپال ایئر لائنز کا طیارہ اسی مقام پر 15,000 فٹ کی بلندی پر پرواز کر رہا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ ریڈار پر یہ ظاہر ہونے کے بعد کہ دونوں طیارے ایک دوسرے کے قریب تھے، نیپال ایئر لائنز کا طیارہ سات ہزار فٹ کی بلندی پر چلا گیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے معاملے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
اتھارٹی نے تینوں افسران کو معطل کر دیا ہے جو واقعے کے وقت کنٹرول روم کے انچارج تھے۔
ایئر انڈیا کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔