عمان: ایئر انڈیا ایکسپریس کے طیارے میں آگ، مسافروں کا ہنگامی انخلا
عمان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ مسقط انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کھڑے ایئر انڈیا ایکسپریس کے ایک طیارے کے انجن میں آگ لگ گئی جس کی وجہ سے مسافروں کو ہنگامی طور پر انخلا کرنا پڑا۔
عرب نیوز کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بدھ کو ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ’انخلا کے دوران بھگڈر مچنے کی وجہ سے کچھ مسافروں کو معمولی زخم آئے ہیں۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ مسقط ایئرپورٹ کے رن وے پر کھڑے طیارے کے دوسرے انجن میں سے دھواں نکلنے کے بعد مسافروں کا انخلا کیا گیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام کے مطابق جس وقت حادثہ ہوا اس وقت فلائٹ آئی ایکس 422 نے دہلی کے لیے مقامی وقت کے مطابق صبح 11:33 پر روانہ ہونا تھا۔