Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ایجنسی کے تحت یمن میں بارودی سرنگوں کی صفائی اور امدادی سرگرمیاں جاری

یمن میں اب تک چار لاکھ بارودی سرنگوں کو صاف کیا جا چکا ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی دنیا بھر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے یمن میں تعلیم، صحت، پناہ گاہ، پانی اور ڈیمنگ آپریشنز پر توجہ مرکوز کی ہے۔
یمن میں بارودی سرنگیں صاف کرنے کے سعودی پروجیکٹ مسام اور مصنوعی اعضا کا پروگرام ملک میں دھماکہ خیز آلات سے زخمی ہونے والوں کےلیے انتہائی ضروری مدد فراہم کرنے میں کامیاب رہا ہے۔
مسام پروجیکٹ کی ٹیموں نے یمن میں 2018 سے مارچ 2023 کے وسط تک چار لاکھ بارودی سرنگوں کو صاف کیا ہے۔

مصنوعی اعضا مراکز نے ایک لاکھ 42 ہزار سے زیادہ خدمات فراہم کی ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)

شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے مصنوعی اعضا مراکز نے متاثرہ افراد کے لیے جسمانی اور نفسیاتی مشاورت سمیت ایک لاکھ 42 ہزار  سے زیادہ خدمات فراہم کی ہیں۔ مرکز نے یکم جنوری 2020 سے 28 فروری 2023 تک تعز، عدن، مارب اور سيئون میں 45 ہزار 588  افراد کو فائدہ پہنچایا ہے۔
چار اپریل کو بارودی سرنگوں سے متعلق آگاہی اور مائن ایکشن میں مدد کے عالمی دن پر شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات بین  الاقوامی برادری، اقوام متحدہ اور عالمی تنظیموں کے ساتھ مل کر ان آلات کے خطرات کے بارے میں بیداری پیدا کرے گا۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 87 ممالک میں مختلف قسم کے  دو ہزار 208  امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔

یمن میں 4.2 بلین ڈالر کی لاگت سے 797 منصوبے شروع کیے گئے( فوٹو: ایس پی اے)

یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 6 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4.2 بلین ڈالر کی لاگت سے 797 منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔
ان منصوبوں میں خوراک، صحت، ہنگامی امداد، پانی، صفائی، پناہ گاہ، تعلیم اور ٹیلی کمیونیکیشن شامل ہیں۔

شیئر: