Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپریم کورٹ کے دو ججز کا فیصلہ ہمارے بیانیے کی جیت ہے: مریم نواز

اجلاس کے بعد جاری بیان کے مطابق ’گزشتہ چار سال میں کیسے ملک تباہ ہوا، عوام کو بتایا جائے گا۔‘ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس مندوخیل کا آج کا فیصلہ بینچ فکسنگ کے بارے میں اُن کے بیانیے کی جیت ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ بینچ سازی منصفانہ نہیں تو فیصلہ کیسے منصفانہ تصور ہوگا؟
پیر کو مریم نواز کی زیر صدارت پارٹی کے ترجمانوں کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی موقف اور اس کے بیانیے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پارٹی پالیسیوں کے حوالے سے حقائق عوام تک پہنچانے پر غور کیا گیا۔
پارٹی کی جانب سے جاری کیے بیان کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ترجمانوں کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں ’نوازشریف کے خلاف غیر منصفانہ اور انتقامی فیصلے اور گواہیوں کو عوام کے سامنے لانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ عمران خان اور سہولت کاروں کے بارے میں تمام حقائق عوام کے سامنے لانے کی حکمت عملی تیار کی گئی۔‘
جاری بیان کے مطابق ’اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سہولت کاروں اور ان کے آلہ کار عمران خان کی کرپشن، بدعنوانیوں اور لوٹ مار کے حقائق لگی لپٹی رکھے بغیر سامنے لائے جائیں۔‘
ن لیگ کے ترجمان کے اجلاس میں اس پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ’کسی رو عایت کے بغیر سچ قوم کو بتایا جائے، کرداروں اور ان کے کرتوتوں کو سامنے لایا جائے گا۔‘
اجلاس کے بعد جاری بیان کے مطابق ’گزشتہ چار سال میں کیسے ملک تباہ ہوا، عوام کو بتایا جائے گا۔‘
مریم نواز نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ’عمران خان پاکستان کا ماضی بن چکا ہے، اب پاکستان کے مستقبل کے بارے میں سوچنا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان اپنے کرپشن مقدمات سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ ٹیرین، فارن فنڈنگ، توشہ خانہ مقدمات میں ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ عدلیہ میں عمران خان کے سہولت کاروں کو پوری قوت سے بے نقاب کریں، نوازشریف کے مقدمے میں آئین اور قانون کی پامالی کو بے نقاب کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر انصاف ہے تو نواز شریف کے ساتھ زیادتی کی جتنی شہادتیں آ رہی ہیں ابھی تک ترازو کے پلڑے برابر ہو جانے چاہئیں تھے۔ گزشتہ چار سال میں معیشت تباہ، عوام غریب ہوئے۔
ن لیگ کی چیف آرگنائزر نے کہا کہ چار سال میں ایک کروڑ نوکری میں سے ایک نوکری اور 50 لاکھ گھروں میں سے ایک گھر عوام کو نہیں دیا۔ دس نمبریوں کا صرف ایک نکاتی ایجنڈا ہے کہ لوٹ مار کریں۔ دس نکاتی ایجنڈا نہیں 10 جھوٹ بولے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ جھوٹ کا ایجنڈا ہے جسے نئے نام سے پھر دوہرایا جا رہا ہے، 90 دن میں کرپشن ختم کرنے کے بجائے پاکستان میں کرپشن 14 درجے مزید بڑھ گئی تھی۔

شیئر: