Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقامہ زیادہ سے زیادہ کتنے ماہ قبل تجدید کرایا جاسکتا ہے؟

اقامہ کی تجدید زیادہ سے زیادہ 6 ماہ قبل کرائی جاسکتی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کے قوانین کے تحت غیرملکی کارکنوں کے اقاموں کی تجدید اوراجرا کے مراحل کوآسان بنایا گیا ہے۔
مملکت میں مقیم غیرملکی کارکنوں کوبنیادی طورپردوکیٹگریز میں تقسیم کیا جاتا ہے جن میں کمرشل کارکن اورانفرادی ویزوں پرمقیم غیرملکی شامل ہیں۔
کمرشل شعبے سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کے لیے ضوابط مختلف ہوتے ہیں جبکہ انفرادی ویزوں پرمقیم کارکنوں کے لیے قوانین مختلف ہیں۔
۔۔ اقامہ کی ایکسپائری مدت میں 2 ماہ باقی ہیں، مجھے 4 ماہ کے لیے خروج وعودہ پرجانا ہے اس  حوالے سے کیا یہ ممکن ہے کہ میں 6 ماہ کے لیے اقامہ کی تجدید کراوں کیونکہ مجھے فیملی فیس بھی ادا کرنا ہے ، اقامہ کی تجدید زیادہ سے زیادہ کتنے ماہ قبل کرائی جاسکتی ہے، میرا پیشہ فنی کا ہے؟
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ رہائشی پرمٹ (اقامہ) کی تجدید کے قوانین کمرشل اورانفرادی کارکنوں کے لیے مختلف ہوتے ہیں۔ 
مملکت میں مقیم تجارتی شعبے سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کے لیے لازمی ہے کہ اقامہ کی تجدید کے وقت انکے ورک پرمٹ اورمیڈیکل انشورنس کارآمد ہوں۔ 
کمرشل کارکنوں کے اقامہ کی ایکسپائری سے زیادہ سے زیادہ 6 ماہ قبل تک تجدید کرائے جاسکتے ہیں۔ اقامہ کی تجدید کےلیے ورک پرمٹ کی فیس بھی 6 ماہ کے لیے جمع کرائی جائے گی جبکہ فیملی کے لیے عائد فیس بھی 6 ماہ کے لیے جمع کرائی جائے گی۔ 
انفرادی اقامہ پرمقیم کارکن جن میں ’سائق خاص‘ (گھریلوڈرائیور) ، خادمہ یا اسی زمرے میں شامل دیگرکارکنوں کے اقامے کی تجدید زیادہ سے زیادہ 14 ماہ قبل بھی کرائی جاسکتی ہے۔ 

کمرشل شعبے کے کارکنوں کا اقامہ ورک پرمٹ سے مشروط ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

واضح رہے کمرشل شعبے سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کے اقامے کی تجدید کےلیے ورک پرمٹ کا کارآمد ہونا ضروری ہوتا ہے۔ 
مذکورہ کارکنوں کے ورک پرمٹ کی تجدید وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی کی جانب سے کی جاتی ہے جس کے لیے مقررہ فیس جمع کرانا ضروری ہوتا ہے۔  
کارکنوں کے ورک پرمٹ جتنی مدت کے لیے تجدید کرایا جاتا ہے اتنی ہی مدت کےلیے انکے اقامے کی تجدید کرائی جاتی ہے جبکہ میڈیکل انشورنس کی تجدید سالانہ بنیاد پرکی جاتی ہے۔ 
جہاں تک فیملی فیس کا تعلق ہے تو اقامے کی تجدید کے لیے لازمی ہے کہ فیملی فیس ادا کی جائے۔ کمرشل شعبے سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کے لیے یہ سہولت موجود ہے کہ وہ اپنے اقامے کی تجدید سہہ ماہی بنیاد پرکراسکتے ہیں اس حساب سے اگرکارکن کواقامے کی تجدید 6 ماہ کے لیے کرانی ہے تو فیملی فیس بھی 6 ماہ کےلیے جمع کرانا ہوگی۔ 
بعض افراد یہ دریافت کرتے ہیں کہ وہ اپنا اقامہ ایک برس کےلیے تجدید کرانا چاہتے ہیں جبکہ فیملی کا اقامہ تین ماہ کے لیے کیونکہ وہ یکمشت ایک برس کی فیس ادا نہیں کرسکتے۔ 
اس حوالے سے جوازات کا کہنا تھا کہ فیملی فیس اقامہ کی تجدید سے مشروط ہے جتنی مدت کےلیے سربراہ خانہ کا اقامہ تجدید کیاجاتا ہے اتنی ہی مدت کےلیے فیملی کا اقامہ بھی تجدید ہوتا ہے یہ ممکن نہیں کہ سربراہ خانہ کا اقامہ ایک برس کےلیے تجدید کرایاجائے اورفیملی کاتین یا 6 ماہ کے لیے تجدید ہو۔

شیئر: