سعودی شہریوں نے تین ماہ میں سیاحت پر 7.16 ارب ڈالر خرچ کیے
2021 کے مقابلے میں 310 فیصد رقم زیادہ خرچ کی گئی ہے( فائل فوٹو: بلومبرگ)
سعودی سینٹرل بینک (ساما) نے کہا ہے کہ’ سعودی شہریوں نے 2022 کی آخری سہ ماہی میں بیرون ملک سیاحت پر 7.16 ارب ڈالر خرچ کیے ہیں۔ 2021 کے مقابلے میں 310 فیصد رقم زیادہ خرچ کی گئی‘۔
العربیہ چینل کے مطابق ساما نے توازن ادائیگی سے متعلق اعدادوشمار کے حوالے رپورٹ میں کہا کہ ’سعودی شہریوں نے 2022 کی تیسری سہ ماہی کے دوران بیرون مملکت سیاحت پر جو خرچ کیا وہ کرنٹ اکاؤنٹ میں سروس بیلنس کا 74 فیصد ہے‘۔
’2021 کے مقابلے میں 45 فیصد اور 2020 کے مقابلے میں 28 فیصد زیادہ رقم خرچ کی گئی‘۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کے اعدادو شمار کے مطابق عرب ممالک آنے والے سیاحوں کے لیے سعودی عرب پہلے نمبر پر ہے۔
عرب نیوز کے مطابق 2022 کے پہلے نو مہینوں میں 18 ملین سے زیادہ مسافروں نے سعودی عرب کا دورہ کیا۔
سعودی وزارت سرمایہ کاری کے اعدادو شمار کے مطابق 2030 تک ہر سال 100 ملین سیاحوں تک پہنچنے کے سعودی وژن کے مطابق مملکت کے سیاحتی اخراجات گزشتہ سال کی پہلی ششماہی میں 7.2 بلین ڈالر تک پہنچ گئے۔