Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں طوفانی بگولوں سے تباہی، کم از کم 22 افراد ہلاک

شدید طوفان کے دوران متعدد گھروں سمیت املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)
امریکہ میں شدید طوفان اور بگولوں کے نتیجے میں ہونے والی تباہی سے کم از کم 22 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ جمعے کی شب امریکی ریاستوں الینائے، آرکنساس، انڈیانہ اور ٹینیسی میں طوفانی بگولوں کے باعث ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
اس شدید طوفان کے دوران متعدد گھروں سمیت املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
دیہی علاقے اور شہر تباہی کا منظر پیش کر رہے ہیں۔
حکام کے مطابق آرکنساس میں کم از کم پانچ، الینائے میں چار اور انڈیانہ میں تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
الینائے کے شہر بلوڈیئر میں ایک مقامی تھیٹر کی چھت گرنے سے ایک شخص ہلاک اور 40 افراد زخمی ہوئے جن میں پانچ شدید زخمی ہیں۔
پولیس کے مطابق جس وقت تھیٹر طوفانی بگولے کی زد میں آیا اس وقت کنسرٹ جاری تھا جہاں 260 افراد موجود تھے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے مشرقی حصے میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی اور بجلی کا نظام متاثر ہونے اور طوفان کے باعث درختوں کے گرنے کا خدشہ ہے۔

دیہی علاقے اور شہر تباہی کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ (فوٹو: روئٹرز)

سی این این کے مطابق کم از کم سات ریاستوں میں 50 سے زیادہ طوفانی بگولے رپورٹ ہوئے ہیں۔
آرکنساس میں 34 ہزار سے زیادہ افراد بجلی کی معطلی سے متاثر ہوئے ہیں۔
آرکنساس کے دارالحکومت لٹل راک میں ولیم ولیمز جو ایک مقامی سپر مارکیٹ میں کام کرتے ہیں، کا کہنا ہے کہ ان کے قریبی علاقے میں طوفانی بگولا آیا تاہم وہ ’شکرگزار ہیں کہ زندہ بچ گئے ہیں۔‘

شدید طوفان سے الینائے، آرکنساس، انڈیانہ اور ٹینیسی میں ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ان کا کہنا تھا کہ جب طوفان کا بگولا گزرا تو وہ مارکیٹ سے باہر آئے اور دیکھا کہ طوفان کے نتیجے میں لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
ایک ہفتہ قبل جنوبی ریاستوں مسی سپی اور الاباما میں طوفانی بگولوں نے تباہی مچا دی تھی۔
بگولوں کے نتیجے میں ہونے والی تباہی سے کم از کم 23 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

شیئر: