دمام میں مسجد سے باہر نکلتے ہوئے ہمسائے کو چاقو کے وار سے زخمی کردیا، ملزم گرفتار
پولیس نے سوشل میڈیا پر معاملہ سامنے آنے پرکارروائی کی( فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب کے شہر دمام میں سعودی کیپٹن پائلٹ حسن الغامدی کو ان کے ہمسائے نے چاقو سے حملہ کرکے زخمی کردیا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق پولیس نے سوشل میڈیا پر معاملہ سامنے آنے پرکارروائی کی اور ملزم کو گرفتارکرلیا۔
پولیس نے بیان میں کہا’ یہ واقعہ باہمی جھگڑے کا نتیجہ تھا۔ پولیس نے حملہ آورکو ابتدائی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا‘۔
واضح رہے کہ مشرقی دمام میں ایک مسجد میں نماز مغرب کے بعد ایک شخص نے اپنے پڑوسی کو چاقو گھونپ کرزخمی کردیا تھا۔
زخمی ہونے والے حسن الغامدی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بتایا تھا کہ ’وہ نماز مغرب ادا کرنے کے بعد مسجد سے باہر نکلےتو ان کے ایک ہمسائے نے چاقو سے حملہ کیا‘۔
حسن الغامدی کا کہنا ہے کہ’ حملہ آور سے کہا کہ تم میرے ہمسائے ہو، یہ ماہ رمضان ہے اور ہم ابھی مسجد سے نکلے ہیں لیکن اس نے میری بات نہیں سنی، تیزی سے میری طرف بھاگا اورچاقو سے وار کیے‘۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حملہ آور کےخلاف سخت کارروائی پر زور دیا ہے۔