روس کا یوکرین کے اہم ساحلی شہر اوڈیسا پر ڈرون حملہ، مختلف مقامات پر نقصان
روس کا یوکرین کے اہم ساحلی شہر اوڈیسا پر ڈرون حملہ، مختلف مقامات پر نقصان
منگل 4 اپریل 2023 7:28
یوکرین کا ساحلی شہر اوڈیسا سٹریٹیجک اہمیت کا حامل ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
یوکرین کے حکام نے کہا ہے کہ روسی ڈرونز نے سٹریٹیجک اعتبار سے اہم ساحلی شہر اوڈیسا کو نشانہ بنایا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کی علی الصبح روسی ڈرونز کے حملے میں شہر کے مختلف حصوں کو نقصان پہنچا ہے۔
حکام نے نقصان کی تفصیلات فراہم کیے بغیر ایک بیان میں کہا کہ ڈرون حملے کے بعد یوکرین کی فضائیہ کسی بھی دوسرے ممکنہ حملے کی جوابی کارروائی کے لیے تیار تھی۔
گزشتہ برس فروری میں صدر ولادیمیر پوتن کی جانب سے فوج بھیجنے سے قبل یوکرین میں بحیرہ اسود پر واقع اوڈیسا کی بندرگاہ یوکرینی اور روسی شہریوں کے لیے پسندیدہ تفریحی مقام تھا۔
حملے کے بعد روسی فوج نے متعدد بار اوڈیسا پر بمباری کی۔
روسی حملے حامی بلاگر کے قتل کے الزام میں نوجوان خاتون گرفتار
دوسری جانب روسی حکام نے جنگ مخالف ایک نوجوان خاتون داریا تریپووا کو یوکرین پر روسی حملے کے حامی بلاگر ولادن تاتارسکی کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
اتوار کو روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ کے ایک کیفے میں پر ہونے والے حملے میں یوکرین جنگ کے حامی بلاگر ولادن تاتارسکی ہلاک اور 30 سے زیادہ افراد زخمی ہوگئے تھے۔
امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق روس کی تحقیقاتی کمیٹی اور قومی انسداد دہشت گردی کی کمیٹی نے کہا ہے کہ اس حملے کے پیچھے کریملن کے ناقد الیکسی نیولنے کے حامی ہیں۔
تحقیقاتی کمیٹی نے 26 برس کی داریا تریپووا کی ایک ویڈیو پبلش کی ہے۔ ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ حکومت مخالف نظریات رکھتی ہیں اور اینٹی کرپشن فاؤنڈیش کی حامی ہیں۔
روسی حکومت نے الیکسی نیولنے کے اس فاؤنڈیشن پر پابندی عائد کی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے کو ’ہائی پروفائل قتل‘ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جس کی منصوبہ بندی میں کئی افراد ملوث تھے۔
سینٹ پیٹرزبرگ کے کیفے میں حالیہ حملہ گزشتہ اگست میں ایک ممتاز الٹرا نیشنلسٹ دانشور کی بیٹی دریا دوگینا کے کار بم دھماکے میں مارے جانے کے بعد ہوا۔ روس نے اس حملے کا الزام بھی یوکرین پر عائد کیا تھا۔