Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے کئی علاقوں میں بدھ سے اتوار تک بارش پر الرٹ

محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ احتییاطی تدابیر کی پابندی کی جائے ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکزنے کہا ہے کہ ’بدھ 5 اپریل سے اتوار تک مملکت کے بیشتر علاقوں میں  گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے‘۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے، اخبار 24  کے مطابق عسیر، باحہ، جازان، مکہ مکرمہ اور نجران میں  بدھ کی رات گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گرد آلود تیز ہوائیں چلیں گی۔ سیلابی صورتحال کا بھی خدشہ ہے۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ’حائل، قصیم، ریاض اور مدینہ منورہ کے علاقے جمعرات کی شام سے بارش کی زد میں ہوں گے۔ جمعے سے اتوارتک بارش میں شدت آجائے گی‘۔
’مشرقی ریجن میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور گرد آلود تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔ بارش کا سلسلہ مملکت کے بشتر علاقوں میں آئندہ ہفتے کے آخر تک جاری رہے گا‘۔
 مکہ شہر، طائف، میسان، اضم، الخرمہ، الجموم، الکامل، بحرۃ وغیرہ کمشنریوں میں بارش کی توقعات ہیں۔
 ریاض شہر سمیت ریجن کی 18 کمشنریوں میں بارش کے آثار ہیں۔ مدینہ منورہ، عسیر، باحہ، جازان، نجران، حائل اور القصیم ریجنوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
 مشرقی ریجن کے شہروں دمام، الجبیل، القطیف اور الاحسا وغیرہ میں گرد آلود تیز ہواؤں کے ساتھ  بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ شہری دفاع نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے کہا ہے کہ ’وہ بارش کے خطرات سے خود کو محفوظ رکھنے کے لیے احتییاطی تدابیر کی پابندی کریں‘۔
 ’سیلاب والے علاقوں اور وادیوں میں جانے سے گریز کریں، تیراکی کا خطرہ مول نہ لیں‘۔
علاوہ ازیں عسیر، طائف، قنفذہ اور رجال المع میں خراب موسمی صورتحال کے باعث بدھ کو سکول بند رہیں گے۔
سراۃ عبیدہ، محایل عسیر، اور الفرشہ میں بھی کل تمام سکول بند رہیں گے۔ مدرستی پلیٹ فارم کے ذریعے تعلیم آن لائن ہو گی۔

شیئر: