Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں فروری میں مزید 80 فیکٹریوں نے کام کا آغاز کیا

سعودی عرب میں مصنوعات تیار کرنے والے یونٹس میں 50 فیصد اضافہ ہوا۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب میں فروری کے مہینے میں 4.3 بلین ریال کی سرمایہ کاری سے تقریباً 80 نئی فیکٹریوں نے مختلف مصنوعات کی تیاری کا آغاز کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارت صنعت و معدنی وسائل نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ جنوری میں کام شروع کرنے والی 164 فیکٹریوں کے مقابلے میں اس تعداد میں 51 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

نئے صنعتی علاقوں میں37 فیکٹریوں کے ساتھ ریاض ریجن سرفہرست ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

تفصیلات کے مطابق فروری میں غیر دھاتی معدنیات کی صنعت میں 30، خوراک کے کاروبار میں 12، تشکیل شدہ معدنیات کے شعبے میں آٹھ، ربڑ اور پلاسٹک کی تجارت میں پانچ اور کیمیکلز کی پیداوار میں چار  فیکٹریاں شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسی مہینے کے دوران وزارت صنعت و معدنی وسائل نے 85 صنعتی لائسنس جاری کیے جو جنوری میں جاری کیے گئے 124 کے مقابلے میں 31 فیصد کم ہے۔
فروری میں جاری کئے گئے 85 لائسنسوں میں ملکی صنعت کے لیے 82.3 فیصد کا اجراء ہوا ہے۔ نئے لائسنسوں میں سرمایہ کاری کا حجم 1.9بلین  ریال تھا۔

نئے لائسنسوں میں سرمایہ کاری کا حجم 1.9بلین  ریال تھا۔ فوٹو انسٹاگرام

مزید برآں لائسنس حاصل کرنے والوں میں چھوٹے کاروباری ادارے سب سے آگے تھے جنہوں نے 85.8 فیصد لائسنس حاصل کیے، اس کے بعد درمیانے درجے کے  کاروباری اداروں نے 11.7 فیصد اور انتہائی چھوٹے کاروباری اداروں نے 2.3 فیصد  لائسنس حاصل کیے۔
نئے صنعتی لائسنس نو انتظامی علاقوں میں تقسیم کیے گئے جن میں 37 فیکٹریوں کے ساتھ ریاض ریجن سرفہرست ہے۔
دوسرے نمبر پر ایسٹرن ریجن میں 21 فیکٹریوں کے لائسنس جاری کئے گئے ہیں، مکہ مکرمہ آٹھ، مدینہ منورہ اور القصیم میں پانچ، پانچ، عسیر چار اور الجوف ریجن تین فیکٹریوں کے ساتھ فہرست میں شامل ہے۔

مکہ میں آٹھ، مدینہ اور القصیم میں پانچ، پانچ فیکٹریاں قائم ہوئیں۔ فوٹو عرب نیوز

وزارت کی جانب سے  سازوسامان اور مشینری کے علاوہ دیگر سائز کی دھاتی مصنوعات کی تیاری کے لیے 18 لائسنس، خوراک کی پیداوار کے لیے 14 اور ربڑ اور پلاسٹک کی مصنوعات بنانے کے لیے 10 فیکٹریوں کے  لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔
گزشتہ ماہ صنعت و معدنی وسائل کے نائب وزیر اسامہ بن عبدالعزیز الزمل نے بتایا تھا کہ 2016 میں سعودی وژن 2030 کے آغاز کے بعد سے سعودی عرب میں کارخانوں کی تعداد میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

شیئر: