گورنر مدینہ نے الیکٹرک بس کا افتتاح کر دیا
جمعرات 6 اپریل 2023 22:30
بس ایک بارچارج ہونے کے بعد 250 کلومیٹرمسافت طے کرتی ہے(فوٹو، ایس پی اے)
گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے جمعرات کو یہاں الیکٹرک بس کا افتتاح کردیا۔
سعودی خبررساں ادارے’ایس پی اے‘ کے مطابق افتتاحی تقریب میں وزیر مواصلات و لاجسٹک خدمات انجینیئر صالح الجاسر، میئر مدینہ انجینیئر فہد البلیھشی، ساپٹکو کے ایگزیکٹیو چیئرمین انجینیئر خالد الحقیل بھی موجود تھے۔
مدینہ منورہ میں نئی الیکٹرانک بس یہاں پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مواصلاتی منصوبوں میں سے ایک ہے۔ یہ منصوبہ مدینہ منورہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور مدینہ میونسپلٹی کی شراکت سے نافذ کیا جارہا ہے۔
الیکٹرک بس 250 کلو میٹر کا فاصلہ ایک مرتبہ چارج ہونے کے بعد طےکرتی ہے۔ یہ بس مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ سے مسجدنبوی شریف کے لیے چلائی جارہی ہے۔ اس کا فاصلہ 38 کلو میٹر ہے۔
پروگرام کے مطابق 18 گھنٹے کے دوران ہر روز 16 بار سے زیادہ الیکٹرک بس ایئرپورٹ سے مسجد نبوی اور یہاں سے ایئرپورٹ زائرین کو آنے جانے کی سہولت فراہم کرے گی۔
نئی بس ایئرکنڈیشنڈ اور ٹی وی سکرین سے آراستہ ہے۔ جس پر ایئرپورٹ سے مسجدنبوی تک سفر کے درمیان آنے والے مقامات کی تفصیلات بھی دکھائی جائیں گی۔ اس میں معذوروں کے لیے سپیشل نشستیں ہیں۔
نئی الیکٹرک بس ’حافلات المدینہ‘ کا حصہ ہوگی۔ مدینہ بس سروس کانگراں ادارہ مدینہ منورہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی ہے۔