جنوبی وزیرستان میں آپریشن کے دوران آٹھ دہشت گرد ہلاک، دو فوجی جان سے گئے
آئی ایس پی آر کے مطابق ’دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ جنوبی وزیرستان کے ضلع زرلمین میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا جس میں آٹھ دہشت گرد مارے گئے، جبکہ دو فوجی اہلکار بھی جان سے گئے۔
سنیچر کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ’آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں آٹھ سے زیادہ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔‘
’ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ و بارود برآمد ہوا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے اور انہوں نے معصوم شہریوں کو قتل کیا تھا۔‘
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ’تاہم فائرنگ کے تبادلے میں پارا چنار سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ لانس نائک شعیب علی اور لکی مروت کے رہائشی سپاہی رفیع اللہ جان سے گئے۔‘
مزید کہا گیا کہ ’علاقے میں مزید دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔‘
’پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو صاف کرنے لے لیے پرعزم ہیں اور بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے ارادوں کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔‘