سعودی عرب میں مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں تقریبا 25 لاکھ افراد نے رمضان کی 27 ویں شب کو عشا اور تراویح ادا کی ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں بڑی تعداد میں افراد عشا اور تراویح ادا کرنے کے لیے پہلے سے پہنچنے لگے تھے۔
دونوں مساجد کی تمام منزلیں، دالان، تہ خانے، چھتیں اور اطراف کے علاقے نمازیوں سے بھر گئے۔نماز ادا کرنے والوں میں سعودی شہری، مقیم غیرملکی اور زائرین شامل تھے۔
— رئاسة شؤون الحرمين (@ReasahAlharmain) April 17, 2023
حرمین شریفین کی انتظامیہ نے 27 ویں شب کے حوالے سے خصوصی انتظامات کیے تھے تاکہ زائرین کو ذکر، عبادت اور نماز میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
الاخباریہ چینل نے 27 ویں شب کے موقع پر مسجد الحرام میں تراویح کے براہ راست مناظر نشر کیے۔ جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسجد الحرام کے اطراف کی سڑکیں، تجارتی مراکز اور ہوٹلوں کی راہداریاں اور علاقے نمازیوں سے بھرے ہوئے تھے۔
قبل ازیں مسجد الحرام میں 27 ویں روزے کو معمول کے مطابق دن میں دس بار دھویا گیا۔ اس کام کے لیے چار ہزار سے زیادہ اہلکار اور چار سو نگراں تعینات تھے۔
— رئاسة شؤون الحرمين (@ReasahAlharmain) April 17, 2023