حرمین شریفین انتظامیہ کے اہلکاروں نے مسجد الحرام کے دروازوں اور راہداریوں میں زائرین کی آمد اور واپسی کو منظم کیا۔
مسجد الحرام کی تمام منزلیں، تہہ خانہ، داخلی و خارجی صحن خصوصا تیسری توسیع والی عمارت نمازیوں سے بھری ہوئی تھی۔
اطراف ہوٹلوں کی راہداریاں اور حرم شریف جانے والے تمام راستوں پر بھی نمازیوں نے صفیں بچھائی ہوئی تھیں۔
انتظامیہ کی جانب سے خطبہ حرم کے فوری ترجمے کا بھی اہتمام کیا گیا ۔اردو سمیت پندرہ زبانوں میں جمعہ کا خطبہ توجہ سے سنا گیا۔
معمر افراد اور معذوروں کے لیے الیکٹرانک ویل چیئر کا انتظام تھا۔ ان کے لیے خصوصی مصلے بھی مختص تھے۔
مسجد الحرام میں جمعے کی نماز کے حوالے سے غیرمعمولی اژدحام دیکھنے میں آیا۔ عمرہ زائرین کے علاوہ مقامی شہری اور مقیم غیرملکی بھی بڑی تعداد میں پہنچے ہوئے تھے۔
زائرین اس خیال سے بھی مسجد الحرام پہنچے تھے کیونکہ ام القری کیلنڈر کے لحاظ سے رمضان کا آخری جمعہ تھا۔
حرمین انتظام یہ نے زائرین کے خیر مقدم کے لیے چار ہزار کارکن تعینات کیے ہوئے تھے جنہیں جدید ترین ٹیکنالوجی وسائل مہیا تھے۔ گیارہ سمارٹ روبوٹ شامل تھے۔
مسجد الحرام میں شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے جمعہ کا خطبہ دیا۔ انہوں نے صدقہ فطر اور عید الفطر کے مسائل کا احاطہ کیا۔
انہوں کہا کہ قبلہ اول مسجداقصی کی مسلسل بے حرمتی سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہورہے ہیں۔ اسرائیلی حکام کی طرف سے مسلمانوں کے جذبات مشتعل کیے جارہے ہیں۔
مسجد نبوی میں بھی جمعے کی نمازادا کرنے کے لیے آنے والوں کی تعداد غیر معمولی تھی۔ یہاں بھی فجر بعد سے زائرین آگے کی صفوں میں جگہ حاصل کرنے کے لیے پہنچنے لگے تھے۔
مسجد نبوی میں جمعہ کا خطبہ امام و خطیب شیخ ڈاکٹر حسین آل الشیخ نے دیا۔ انہوں نے آخری عشرے کی راتوں کے فضائل خطبے میں بیان کیے۔ صدقہ فطر کے مسائل پر بھی روشنی ڈالی۔
مسجد نبوی کے صحنوں میں زائرین کو دھوپ سے بچانےکے لیے دیوہیکل پھوار والے پنکھے کام کررہے تھے جس سے موسم خوشگوار رہا۔
مسجد کے اندر جاتے اور وہاں سے نکلتے وقت زائرین کو منظم کیا جارہا تھا۔
مسجد نبوی کے نیچے پارکنگ لاٹس سے زائرین کوبڑی سپولت رہی۔ یہاں ایک گھنٹے کی پارکنگ فیس ایک ریال ہے۔