القصیم : آٹزم سپورٹ سنٹر کی دیوار پر معروف شخصیات کے پورٹریٹ
القصیم : آٹزم سپورٹ سنٹر کی دیوار پر معروف شخصیات کے پورٹریٹ
بدھ 26 اپریل 2023 19:17
معذوری کے ساتھ عظیم کامیابیاں حاصل کرنے والے افراد یہاں بھی موجود ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کے شہر القصیم میں قائم سعودی امدادی مرکز کی بیرونی دیوار پر معروف شخصیات کے پورٹریٹ یہاں آنے والوں کے لیے خوشگوار حیرت کا باعث بن رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق فدی ابدا آٹزم سپورٹ سنٹر کے بیرونی حصے کو دیوار آف فیم پروجیکٹ کے لیے مختص کرکے بین الاقوامی شخصیات کے پورٹریٹ بنائے گئے ہیں۔
آٹزم سنٹر کی بیرونی دیوار پر برطانوی اداکار روون اٹکنسن (مسٹر بین) اور ارجنٹائن کے فٹبالر لیونل میسی ان ناموں میں شامل ہیں جن کے پورٹریٹ نمایاں ہیں۔
سوڈانی مصور مزمل العید کے بنائے گئے ان پورٹریٹ میں ڈچ پینٹر ونسنٹ وین گوگ، امریکی موجد اور تاجر تھامس ایڈیسن، اداکار لیوک زیمرمین، معروف انگریز طبیعیات دان سٹیفن ہاکنگ اور انگریز فلسفی اور سائنسدان ہنری کیونڈش بھی شامل ہیں۔
آٹزم اور دیگراعصابی اور دماغی عوارض سے متاثر ماضی اور حال کی معروف شخصیات کے پورٹریٹ بھی بنائے گئے ہیں تا کہ آٹزم سنٹر میں موجود افراد کو پیغام دیا جا سکے کہ ناقابل یقین چیزوں کے حصول میں معذوری رکاوٹ نہیں۔
مزمل العید نے بتایا ہے کہ یہ پورٹریٹ معاشرے کے ایک مخصوص گروہ کو اجاگر کرتے ہیں، میں ابتدائی طور پر اس منصوبے کی اہمیت کے زیراثر ہچکچاہٹ کا شکار تھا تاہم اسے عملی جامہ پہنانے کے لیے پرجوش تھا۔
سوڈانی آرٹسٹ نے مزید بتایا کہ یہ پورٹریٹ مکمل کرنے میں مجھے 10 دن لگے اور پورٹریٹ بناتے ہوئے دیکھنے والوں کی حاضری اور تعداد روز بروز بڑھتی رہی جس سے میری حوصلہ افزائی ہوتی رہی۔
فدی ابدا آٹزم سنٹر کے ڈائریکٹر علی الحناکی کا کہناہے کہ سیکھنے اور معذوری کو ہرانے کی خواہش رکھنے والا ہر انسان کامیاب ہوتا ہے۔
ان پورٹریٹ کے ذریعے ہم یہاں موجود افراد اور ان کے خاندانوں کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ تخلیقی صلاحیتوں اور کسی فن میں کمال حاصل کرنے کو معذوری کبھی نہیں روکتی۔
مملکت میں معذوری کے ساتھ عظیم کامیابیاں حاصل کرنے والے موجود ہیں جو حافظ قرآن ہیں اور اس کے علاوہ ریاضی اور سائنس میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہیں۔
پینٹ شدہ پورٹریٹ کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی دکھائی جا رہی ہیں۔
علی الحناکی نے مزید بتایا کہ پورٹریٹ دیکھنے والوں کے زبردست ردعمل نے ہمیں باور کرا دیا ہے کہ اس ڈرائنگ کے پیچھے جو پیغام تھا وہ لوگوں تک پہنچ گیا ہے۔
واضح رہے کہ القصیم میں موجود یہ امدادی مرکز سعودی عرب میں 300 ڈے کیئر سپورٹ سینٹرز میں سے ایک ہے جسے سعودی وزارت انسانی وسائل و سماجی ترقی کا تعاون حاصل ہے۔
علی الحناکی نے بتایا ہے کہ یہ آٹزم سپورٹ سنٹر مملکت میں موجود غیر سعودی معذوروں کو بھی خدمات فراہم کرتے ہیں۔ ان میں نفسیاتی اور نرسنگ کیئر، فزیوتھراپی، زندگی گزارنے کی مہارتیں دینااور دیگر مختلف اقسام کے مشاغل تلاش کرنا بھی شامل ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں