سوڈان سے انخلا، بحریہ کے جوانوں نے چینی شہریوں کا استقبال ان کی زبان میں کیا
سوڈان میں کشیدگی کے بعد ہزاروں غیرملکی مملکت پہنچے(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی بحریہ کے جوانوں نے سوڈان سے انخلا کے بعد جدہ اسلامی بندرگاہ پہنچنے پر چینی شہریوں کا خیر مقدم ان کی زبان اور انگریزی میں کیا۔
چینی شہری سوڈان سے جدہ پہنچنے پر سعودی جوانوں سے اپنی زبان سن کر بے حد خوش ہوئے۔
العربیہ چینل کے مطابق مختلف ممالک کے مزید 187 شہری جمعرات کو سوڈان سے جدہ اسلامی بندرگاہ پہنچے ان میں چین، پاکستان، بنگلہ دیش، ازبکستان، امریکہ، روس، ہالینڈ، لبنان، ناروے، ترکیا، سربیا، پولینڈ، جرمنی، انڈیا، جارجیا، تھائی لینڈ، سویڈن، ازبکستان، برطانیہ، آئرلینڈ، کینیا، فلپائن، ایتھوپیا، آرمینیا، نائجیریا، قازقستان اور پیراگوئے کے شہری شامل تھے۔
مذکورہ ممالک کے شہریوں کو جدہ اسلامی بندرگاہ پر لنگر انداز ’الطائف‘ جہاز سے وطن روانگی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے۔
یاد رہے کہ 15 اپریل کو سوڈان میں سرکاری افواج اور نیم فوجی گروپ کے درمیان عسکری معرکے بھڑکنے پر بدامنی کے پیش نظر کئی ہزار افراد پڑوسی ممالک چاڈ و مصر کے علاوہ سعودی عرب پہنچے ہیں۔