Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رواں برس پہلی بار حج آپریشن سعودی عرب کے 6 شہروں سے ہوگا

رواں سال طائف، ریاض ، دمام اور ینبع میں بھی حج آپریشن شروع کیا جائے گا (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
 سعودیہ ایئر میں امور حج وعمرہ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عامر آل خشیل نے کہا ہے کہ ’رواں برس پہلی بار سعودی عرب کے 6 ہوائی اڈوں پر حج آپریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔‘
عاجل ویب سائٹ کے مطابق آل خشیل نے سعودی ٹی وی چینل ’الاخباریہ‘ کوانٹرویو دیتے ہوئے مزید کہا کہ ’اس سے قبل حج آپریشن صرف جدہ کا کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور مدینہ کا امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک محدود تھا۔‘
’رواں سال پہلی بارحج آپریشن کے لیے مزید چارشہروں کا اضافہ کیا گیا ہے جہاں عازمین حج کو پروازوں کی آمدورفت کی سہولت فراہم کی جائے گی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’رواں برس حج آپریشن کے لیے پہلی بار طائف، ینبع، ریاض اور دمام کے ہوائی اڈوں کا بھی اضافہ کیا گیا ہے جہاں حج پروازوں کی آمدورفت ہوگی۔‘
واضح رہے کہ طائف میں مقامی اور بین الاقوامی  پروازوں کے لیے ایئرپورٹ موجود ہے جو طائف شہر سے تقریباً 30 کلومیٹر اور مکہ سے 70 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔  
سعودی دارالحکومت ریاض کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ مملکت کے بڑے ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے۔ یہ شہر سے 35 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ 

طائف ایئرپورٹ شہر سے 30  جکبہ مکہ مکرمہ سے 70 کلومیٹردور ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

دمام میں کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہے۔ یہ شہر سے 35.6 کلو میٹر کے فاصلے  پر ہے۔  دمام سے مکہ کا بائی روڈ سفر 1171 کلو میٹر ہے۔ 
ینبع  مدینہ منورہ ریجن میں واقع ہے۔ یہاں امیر عبدالمحسن بن عبد العزیزانٹرنیشنل ایئرپورٹ ہے۔ یہ ینبع شہر سے تقریبا 6 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔  مدینہ منورہ ریجن کا دوسرا بڑا ایئرپورٹ ہے۔ ینبع سے مدینہ منورہ کا فاصلہ تقریبا 225.6 کلو میٹر ہے۔

شیئر: