Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے لیے بیل آؤٹ پروگرام، حکام کے ساتھ ریویو پر کام جاری ہے: آئی ایم ایف

اگلے مالی سال کا بجٹ پاکستان کی قومی اسمبلی سے اگلے ماہ جون کے اواخر تک منظور کرایا جائے گا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ وہ پاکستانی حکام کے ساتھ بیل آؤٹ پروگرام کے لیے نویں ریویو کو مکمل کرنے پر کام کر رہا ہے جس کے تحت معاشی مشکلات کے شکار ملک کو ایک ارب دس کروڑ ڈالر جاری کیے جائیں گے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق جمعے کو آئی ایم ایف کے پاکستان کے لیے مشن چیف ناتھن پورٹر نے کہا ہے کہ ’ضروری فنانسنگ اور معاہدوں کی حتمی شکل اختیار کرنے کے بعد آئی ایم ایف نے پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر نویں ریویو کو مکمل کرنے پر کام جاری رکھا ہوا ہے۔‘
مشن چیف کے بیان میں کہا گیا کہ ’آئی ایم ایف اگلے مالی سال کے بجٹ کی تیاری کے لیے تکنیکی کام سمیت پاکستانی حکام کو پالیسیوں پر عمل درآمد کرانے میں مدد کر رہا ہے۔‘
اگلے مالی سال کا بجٹ پاکستان کی قومی اسمبلی سے اگلے ماہ جون کے اواخر تک منظور کرایا جائے گا۔
پاکستان اور آئی ایم ایف فروری سے جائزہ کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ سنہ 2019 میں طے شدہ ساڑھے چھ ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پروگرام کی رکی ہوئی فنڈنگ ​​دوبارہ شروع کی جا سکے۔
شرائط کے ایک حصے کے طور پر پاکستان نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ جون میں ختم ہونے والے رواں مالی سال میں اس کی ادائیگیوں کے توازن کے فرق کو دو طرفہ اور کثیر جہتی فنانسنگ سے فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ دوست ممالک کی جانب سے مالی معاونت کے وعدے کیے گئے ہیں۔

شیئر: